وادی شدید سردی کی لپیٹ میں

وادی شدید سردی کی لپیٹ میں

رواں ماہ کے آخر تک کسی موسمی تبدیلی کا امکان نہیں / محکمہ موسمیات

سرینگر / / این این بی // خشک موسمی صورتحال اور دن بھر ہلکی دھوپ نکالنے کے باعث وادی کشمیر شدید سردی کی لپیٹ میں ہے ۔سرینگر میںایک بار پھر منفی 2ڈگری کے ساتھ رواں موسم کی سرد ترین رات گزری جبکہ منفی 4.2ڈگری کے ساتھ شوپیان وادی کشمیر کا سرد ترین علاقہ رہا ۔ ادھر محکمہ موسمیات نے پہلے ہی آئندہ کچھ دنوں تک موسم مجموعی طو ر پر خشک رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ سردیوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے ۔ اسی دورا ن شدید سردی کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق رواں ماہ کے ابتدائی دنوں سے وادی میں شدت کی سردی جاری ہے ۔ شہر سرینگر اور دیگر قصبہ جات میں موسم خشک رہا اور دن میں ہلکی دھوپ نکلی تھی تاہم بعد میں موسمی صورتحال مسلسل دگر گوں ہوئی اور شبانہ درجہ حررات میں کافی کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے ۔ اسی دوران محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں ایک مرتبہ پھر سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی جس دوران شبانہ درجہ حرارت منفی 2ڈگری کے قریب ریکارڈ کیا گیا ۔محکمہ موسمیات نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ سرینگر میں رات کا درجہ حرارت منفی 2ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ شب منفی1.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ درجہ حرارت میں معمولی کمی کے باوجود سرینگر میں سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ محسوس کیا گیا ہے۔ گزشتہ دو راتوں کے دوران درجہ حرارت منفی 1.9 ڈگری سیلشس پر برقرار رہنے کے بعد اب سرینگر میں نیا موسمی کم ترین درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔وادی کے دیگر علاقوں میں بھی سردی کی لہر برقرار رہی۔ پہلگام وادی کے سرد ترین مقامات میں شامل رہا، تاہم یہاں گزشتہ روز کے مقابلے میں معمولی بہتری دیکھی گئی۔ پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، جبکہ گزشتہ رات یہ منفی 3.2 ڈگری سیلشس تھا، اس طرح درجہ حرارت میں 0.4 ڈگری شیلسس کا اضافہ ہوا۔قاضی گنڈ میں سردی کی شدت مزید بڑھ گئی، جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.4 ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا، جبکہ گزشتہ روز یہ منفی 2.0 ڈگری سیلشس تھا۔ اس طرح قاضی گنڈ میں درجہ حرارت میں 0.4 ڈگری سیلشس کی کمی ہوئی۔کوکرناگ میں بھی درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے چلا گیا۔ یہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.3 ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا، جبکہ گزشتہ رات یہ 0.0 ڈگری سیلشس تھا۔کپواڑہ واحد دیگر موسمی مرکز رہا جہاں معمولی بہتری ریکارڈ کی گئی۔ کپواڑہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.5 ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ روز کے منفی 1.6 ڈگری سیلشس کے مقابلے میں 0.1 ڈگری زیادہ ہے۔مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں درجہ حرارت میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور وہاں کم سے کم درجہ حرارت 1.0 ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا۔ادھر جموں میں موسم کی صورتحال قدرے مختلف رہی اور بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت میں معمولی اتار چڑھاو ¿ دیکھا گیا۔ جموں شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 10.9 ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا، جبکہ گزشتہ رات یہ 10.6 ڈگری سیلشس تھا۔ اسی طرح کٹرا میں درجہ حرارت 9.8 ڈگری سے بڑھ کر 10.0 ڈگری سیلشس ہوگیا۔تاہم بانہال میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی جہاں پارہ گزشتہ روز کے 7.3 ڈگری سیلشس کے مقابلے میں 2.5 ڈگری گر کر 4.8 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا۔ یہ جموں صوبے میں رات کے درجہ حرارت میں سب سے نمایاں کمی رہی۔بھدرواہ میں بھی سردی میں اضافہ ہوا اور کم سے کم درجہ حرارت 3.0 ڈگری سیلسیس سے کم ہو کر 2.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ بٹوت میں بھی معمولی کمی دیکھی گئی، جہاں درجہ حرارت گزشتہ روز کے 6.8 ڈگری سیلسیس کے مقابلے میں 6.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ ہوا۔سرینگر میں رواں موسم کی اب تک کی سرد ترین رات اور وادی کے متعدد علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے رہنے کے باعث سردی کی لہر مزید شدت اختیار کرتی دکھائی دے رہی ہے۔ صبح اور رات کے اوقات میں سردی میں اضافے کے ساتھ ساتھ شہری و دیہی علاقوں میں لوگ گرم ملبوسات، ہیٹنگ آلات اور دیگر ذرائع کا استعمال بڑھا رہے ہیں۔