آٹھویں جماعت تک اسکولوں میں 30 نومبر جبکہ نویں سے بارہویں کیلئے تعطیلات 14 دسمبر سے
سرینگر / / این این بی // وادی کشمیر میں سردیوں میںاضافہ ہوتے ہی محکمہ اسکولی تعلیم نے کشمیر صوبے کے اسکولوں میں سرمائی تعطیلات کا اعلان کیا جس دوران اول سے آٹھویں جماعت تک کے اسکول 30 نومبر جبکہ نویں سے بارہویں جماعت کیلئے تعطیلات 14 دسمبر سے شروع ہوں گی۔ نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن کشمیر نے کشمیر صوبے کے تمام سرکاری اور تسلیم شدہ نجی اسکولوں میں ہائر سیکنڈری سطح تک سرمائی تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جمعہ کو جاری کیے گئے حکم نامہ کے مطابق پری پرائمری سے آٹھویں جماعت تک کے طلبہ کیلئے سرمائی تعطیلات 30نومبر 2026 سے 28 فروری 2027تک ہوں گی۔اسی طرح نویں سے بارہویں جماعت تک کے طلبہ کے لیے سرمائی تعطیلات 14دسمبر 2026 سے 22 فروری 2027تک جاری رہیں گی۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ تعطیلات کے دوران تمام تدریسی عملہ ضرورت پڑنے پر کسی بھی تعلیمی سرگرمی کے لیے دستیاب رہے گا۔تدریسی عملے کو مزید ہدایت دی گئی ہے کہ اسکول دوبارہ کھلنے سے چار روز قبل اپنی متعلقہ اسکولوں میں حاضر ہو کر اسکولوں کو دوبارہ کھولنے سے متعلق انتظامات مکمل کریں۔ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن کشمیر نے واضح کیا ہے کہ تعطیلات کے شیڈول پر عمل درآمد میں اداروں کے سربراہان یا تدریسی عملے کی جانب سے کسی بھی قسم کی کوتاہی کی صورت میں قواعد کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔










