وائس چیئرمین جموں ڈیولپمنٹ اَتھارٹی نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا معائینہ کیا

وائس چیئرمین جموں ڈیولپمنٹ اَتھارٹی نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا معائینہ کیا

جموں// وائس چیئرمین جموں ڈیولپمنٹ اَتھارٹی ( جے ڈِی اے ) نے گزشتہ روز ہونے والی غیر معمولی بارش کے بعد سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا تفصیلی معائینہ کیا تاکہ نقصانات کا جائزہ لیا جا سکے اور بروقت اقدامات کئے جا سکیں۔وائس چیئرمین نے سپراِنٹنڈنگ انجینئر، ڈائریکٹر لینڈ مینجمنٹ، ایگزیکٹو انجینئر، تحصیلدار، اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر اور فیلڈ سٹاف کے ہمراہ ٹرانسپورٹ نگر اور آئی ایس بی ٹی نروال کا دورہ کیا جہاں ملبہ ڈمپنگ کے باعث نالے کے رخ کی تبدیلی سے نقصان ہوا۔ دورے کے دوران وائس چیئرمین نے عوامی انفراسٹرکچر اور نجی املاک کو مزید نقصان سے بچانے کے لئے فوری اقدامات کی سخت ہدایات جاری کیں۔ اِس سلسلے میں، جے ڈی اے اور این ایچ اے آئی کی جانب سے جے سی بی مشینیں تعینات کی گئی ہیں تاکہ ملبہ ہٹایا جا سکے اور پانی کی نکاسی کو بہتر بنایا جا سکے۔وائس چیئرمین نے موسلادھار بارش سے ہوئے نقصانات کا جائزہ لینے کے لئے روپ نگر کالونی کا بھی معائینہ کیا اور اس کے بعد راجندر نگر کا دورہ کیا جہاں اُنہوں نے ذاتی طور پر اِگنو( آئی جی این او یو) کے قریب سیلابی صورتحال کا معائینہ کیا۔ اُنہوں نے رہائشیوں کو یقین دِلایاکہ جے ڈی اے صورتِ حال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر جلد از جلد معمولات کی بحالی کے لئے ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔وائس چیئرمین جے ڈی اے نے شہریوں کے مفادات کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ حالیہ شدید بارشوں سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام ممکنہ وسائل کو متحرک کیا جا رہا ہے۔