نیٹ پیپر لیک تنازعہ معاملے میںمرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان مستعفی

نیٹ پیپر لیک تنازعہ معاملے میںمرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان مستعفی

امتحانی نظام میں اصلاحات جاری رکھنے کا عزم ، طلبہ کے مستقبل کے تحفظ کیلئے استعفیٰ دیا// دھرمندر پردھان

سرینگر// نیٹ،یو جی 2026 امتحان میں مبینہ پیپر لیک اور دیگر بے ضابطگیوں پر ملک بھر میں جاری احتجاج کے درمیان مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے ہفتہ کے روز اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے کی اخلاقی ذمہ داری پہلے ہی قبول کر چکے تھے اور اب طلبہ کے مفاد، قومی یکجہتی اور عوامی اعتماد کو برقرار رکھنے کے لیے اپنا استعفیٰ وزیراعظم نریندر مودی کو پیش کر دیا ہے۔یو این ایس کے مطابق دھرمیندر پردھان نے دو صفحات پر مشتمل ایک عوامی بیان میں کہا کہ گزشتہ دس دنوں کے واقعات نے انہیں شدید صدمہ پہنچایا ہے، تاہم ان کے لیے یہ معاملہ ذاتی وقار کا نہیں بلکہ ملک کے لاکھوں طلبہ کے مستقبل کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے نوجوان ملک کی سب سے بڑی طاقت ہیں اور انہیں سیاسی کشمکش یا قانونی پیچیدگیوں کا شکار نہیں بننے دینا چاہیے۔انہوں نے بتایا کہ 3 مئی 2026 کو منعقدہ نیٹ-یو جی امتحان میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی کے بعد حکومت نے سی بی آئی تحقیقات کا حکم دیا، متاثرہ امتحان منسوخ کیا اور دوبارہ امتحان کے انعقاد کا فیصلہ کیا۔ ان کے مطابق 21 جون کو 20 لاکھ سے زائد طلبہ کے لیے دوبارہ امتحان کامیابی سے منعقد کیا گیا، جبکہ آئندہ سال سے نیٹ امتحان کو مکمل طور پر کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ (سی بی ٹی) نظام کے تحت کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے تاکہ مستقبل میں اس طرح کی بے ضابطگیوں کا امکان ختم ہو سکے۔یو این ایس کے مطابق اپنے بیان میں پردھان نے کہا کہ جانتر منتر اور ملک کے دیگر حصوں میں جاری احتجاج کے دوران بعض ملک دشمن عناصر حالات سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں اور ذمہ دار افراد طلبہ کو گمراہ کر رہے ہیں، جس سے قومی مفاد متاثر ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی لیے انہوں نے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا تاکہ نوجوانوں کی تعلیم اور مستقبل کسی بھی سیاسی تنازعے کی نذر نہ ہو۔سابق وزیر تعلیم نے وزیراعظم نریندر مودی، کابینہ کے ساتھیوں، وزارتِ تعلیم کے افسران اور ملازمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ بھی عوام، نوجوانوں اور ملک کی خدمت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے امتحانی مافیا کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔