تشخص، روزگار اور عوامی حقوق کی بحالی کیلئے دیا گیا مینڈیٹ ضائع//وحید پرہ
سرینگر//یو این ایس// پی ڈی پی لیڈر اور ممبر اسمبلی وحید الرحمان پرہ نے کشمیر کی موجودہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیشنل کانفرنس بھاری عوامی مینڈیٹ حاصل کرنے کے باوجود لوگوں کی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام رہی ہے۔یو این ایس کے مطابق اتوار کو پی ڈی پی ہیڈ کواٹر کے متصل میونسپل پارک سرینگر میں پارٹی کارکنوں اور عوام سے خطاب کرتے ہوئے وحید پرہ نے کہا کہ کشمیر کے لوگوں، جن میں وہ افراد بھی شامل ہیں جنہوں نے ماضی میں انتخابات کا بائیکاٹ کیا تھا اور وہ بھی جنہوں نے ذاتی قربانیوں کے باوجود جمہوری عمل میں حصہ لیا، نے نیشنل کانفرنس پر اعتماد کرتے ہوئے تقریباً 50 نشستوں کا مینڈیٹ دیا، تاہم حکومت نے عوام کو مایوس کیا۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام نے یہ مینڈیٹ ریاست کے تشخص، خصوصی حیثیت اور عوامی حقوق کی بحالی کیلئے دیا تھا، لیکن حکومت اس حوالے سے مکمل خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج بھی زمینی سطح پر وہی پالیسیاں جاری ہیں جو لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کے دوران نافذ تھیں۔وحید پرہ نے کہا کہ مین اسٹریم سیاسی کارکنوں اور ان کے حامیوں نے کشمیر میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں، لیکن لوگوں نے ان سے زیادہ قربانیاں پیش کیں، تاہم آج بھی کشمیر اور اس کے مسائل پر بات کرنے والوں پر پابندیاں عائد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکار کی تشکیل کے بعد عوام کو راحت اور مثبت تبدیلی کی امید تھی، مگر صورتحال میں کوئی نمایاں فرق نظر نہیں آ رہا۔انہوں نے سراج العلوم پر عائد پابندی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے اس حساس معاملے پر بھی کوئی واضح مؤقف اختیار نہیں کیا، جس سے عوام میں مایوسی بڑھ رہی ہے۔پی ڈی پی لیڈر نے کہا کہ روزگار کے وعدوں کے باوجود صرف چند افراد کو نوکریاں ملی ہیں جبکہ عام لوگ معاشی بدحالی اور بے یقینی کا شکار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مکانات کی مسماری، ملازمین کی برطرفی اور دیگر سخت اقدامات آج بھی جاری ہیں۔وحید پرہ نے میٹر اور ہیٹر معاملات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عوام آج بھی انہی مشکلات سے دوچار ہیں جن کے خاتمے کے دعوے کئے گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ سرینگر نے بار بار نیشنل کانفرنس پر اعتماد کرتے ہوئے مکمل مینڈیٹ دیا، لیکن پارٹی ہر بار عوامی امنگوں اور مسائل کو حل کرنے میں ناکام رہی۔انہوں نے سابق وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعیدکو یاد کرتے ہوئے کہا کہ مفتی محمد سعید نے ہمیشہ جموں و کشمیر کے عوام کے تحفظ، وقار اور مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کئے اور سیاسی عمل کو عوامی مفاد سے جوڑا۔وحید پرہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام صرف وعدے نہیں بلکہ عزت، انصاف اور بامعنی سیاسی عمل کے مستحق ہیں۔










