نیشنل فاریسٹ مارٹرز ڈے 2025

جنگلات کے وزیر نے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا

سرینگر//وزیر برائے جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات مسٹر جاوید احمد رانا نے ان جنگلاتی محکمہ کے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے جموں و کشمیر کی سبز دولت کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانیں قربان کیں ۔ سرینگر کے ٹیگور ہال میں قومی جنگل شہداء دن 2025 کی تقریب کی صدارت کرتے ہوئے ، بطور مہمان خصوصی وزیر نے جنگلاتی عملے کی غیر متزلزل وابستگی اور خطے کے قیمتی قدرتی وسائل کی حفاظت میں ان کی عظیم قربانیوں کو سراہا ۔ یہ تقریب جموں و کشمیر جنگلاتی محکمہ نے قومی جنگل شہداء دن منانے اور جنگلات و جنگلی حیات کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانوں کی قربانی دینے والے جنگلاتی افسران اور فرنٹ لائن عملے کی بہادری اور لگن کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے منعقد کی تھی ۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے مسٹر رانا نے کہا کہ ان شہداء کی قربانی ان کی فطرت کے تحفظ کیلئے لگن کی عکاسی کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا ’’ ہمارے بہادر جنگلاتی عملے کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ ہمیں سب کو ان لوگوں پر فخر ہونا چاہئیے جنہوں نے فطرت کے تھفظ کیلئے اپنی جانیں قربان کیں ۔ ‘‘ انہوں نے زور دیا کہ جنگلات ہمارے سیارے کے پھیپھڑے ہیں ، اور ان کی حفاظت کرنے والے سبز محافظ اصلی ہیرو ہیں ۔ وزیر نے کہا ’’ یہ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم ان کی قربانی کو رائیگاں نہ جانے دیں اور ان کے مشن کو نئی وابستگی کے ساتھ جاری رکھیں ۔ ‘ ‘ قدرتی وسائل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ انسانیت کی بقاء جنگلات اور پانی پر منحصر ہے ۔ ’’ ان کے بغیر دنیا کا وجود برقرار نہیں رہ سکتا ۔ ‘‘ محکمے کو اپنے مشن کو جاری رکھنے کی ترغیب دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ محکمے کو مزید مضبوط کرنے اور قدرتی وسائل کے تحفظ میں مصروف تمام عملے کیلئے سہولیات کو بڑھانے کیلئے کوششیں جاری ہیں ۔ نارتھ سرکل کے کنزرویٹر آف فاریسٹ عرفان علی شاہ نے استقبالیہ خطاب کیا ۔ جس میں فرنٹ لائن عملے کو درپیش چیلنجز کو اجاگر کیا اور محکمے کی ان کی فلاح و بہبود اور حفاظت کیلئے وابستگی کا اعادہ کیا ۔ تقریب میں کمشنر سیکرٹری جنگلات ، پی سی سی ایف اینڈ ہیڈ آف فاریسٹ فورس ، ایم ڈی جموں و کشمیر فاریسٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن ، سی سی ایفز ، کنزرویٹرز ، ڈی ایف اوز ، رینج آفیسرز ، فاریسٹرز ، فاریسٹ گارڈز ، مختلف جنگلاتی تنظیموں کے نمائندے ، شہداء کے اہلِ خانہ ، ماحولیاتی کارکن ، سرکاری حکام اور میڈیا کے اراکین نے شرکت کی ۔