ڈاکٹر ستیش ومل کو خلعت بلخی ؒانعام سے نوازا گیا،عوامی وادبی حلقوں نے سراہنا کی
سرینگر / /مشہور ادیب، شاعر،ہردلعزیز براڈکاسٹر اور مفکرومصنف ڈاکٹر ستیش ومل کو پکھر پورہ میں نوسوز پیپلز فاؤنڈیشن کے سالانہ اعزازکی مناسبت سے خلعتِ بلخی (بلخی میموریل ایوارڈ) 2025 سے نوازا گیا ہے۔یہ ایوارڈ ہر سال ایک شخصیت کو صوفی-رشی نظریات یا روحانی فکری روایات کے فروغ کے لیے مثالی خدمات انجام دینے پر دیا جاتا ہے۔ یہ اعزاز مشہور صوفی بزرگ سلطان علی عالی بلخی رحمۃ اللہ علیہ کے نام پر دیا جاتا ہے جن کی درگاہ پکھر پورہ میں ہے۔کشمیر پریس سروس کے موصولہ بیان کے مطابق پکھرپورہ میں نوسوز پیپلز فائونڈیشن کی جانب سے منعقدہ تقریب میں صوفی بزرگ سلطان علی عالی بلخی رحمۃ اللہ علیہ کی شخصیت اوران کی خدمات کو اجاگر کیا گیا ۔اس دوران روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ڈاکٹر ستیش ومل کوصوفی-رشی علوم کے مطالعہ اور ترویج میں ان کے بے پناہ کردار اور یہاں کی روحانی روایات کے بارے میں ان کے تحقیقی کاموں کے اعتراف میں خلعت بلخی سے نوازا گیا ۔اس موقعہ پر پیپلز فاؤنڈیشن کے صدر جی ایم نو سوز نے کہا کہ جیوری نے متفقہ طور پر ڈاکٹر ستیش ومل کو ان کی نمایاں اور بے مثال ادبی خدمات کو دیکھتے ہوئے ایوارڈ کے لیے منتخب کیاتھا۔ ایوارڈ تقریب میں وادی کشمیر کے مختلف حصوں سے ممتاز علماء، دانشوروں، بزرگ شہریوں اور مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔ نوسوز پیپلز فاؤنڈیشن نے جموں و کشمیر اکیڈمی آف آرٹ، کلچر اینڈ لینگویجز اور محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کی کلچرل وِنگ کے کے اشتراک سے دارالعلوم حضرت علی عالی بلخی ؒکے ہال میں اس شاندار محفلِ کا انعقاد کیا تھا-ڈاکٹر ستیش ومل کو خلعت بلخی سے نوازنے پر عوامی اورعلمی وادبی حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔اس ضمن میں وادی کئی اہم ادبی وعلمی شخصیات نے کے پی ایس کے ساتھ بات کرتے ہوئے بتایا کہ ڈاکٹر ستیش ومل اس وقت وادی کشمیر کے ایسے درخشان ستارہ ہیں جن کی علمی وادبی صلاحیتیں یہ کہنے پر مجبور کررہی ہیں کہ موصوف اس قوم کیلئے ایک اثاثہ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ موصوف اپنے علم وحلم ،لب ولہجہ میں فصاحت وبلاغت اورعلمی وسعت وخدمات سے ہر دلعزیز بن گئے ہیں اور ہر کوئی شخص ڈاکٹر ستیش ومل کو اپنا سمجھ کر ان کا گرویدہ بن گیا ہے کیونکہ موصوف بھی ہر کس وناکس کے ساتھ اس طرح پیش آتے ہیں کہ دل موہ لیتے ہیں ۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ ان کو سلامتی اور عمردرازی عطا کرے ۔










