pandit

نوجوان ملازم کی ہلاکت کیخلاف شیخ پورہ بڈگام میں پنڈت مظاہرین کازوردار احتجاج

منتشر کرنے کیلئے ہلکالاٹھی چارج اور ٹیرگیس شلنگ،شرپسندوںنے کیا پتھرائو:پولیس

سری نگر//جمعرات کوتحصیل دفتر چاڈورہ میں پنڈت ملازم راہول بھٹ کی ہلاکت کیخلاف شیخ پورہ سے سری نگر ائرپورٹ مارچ کرنے کی کوشش کرنے والے پنڈت مظاہرین کومنتشر کرنے کیلئے پولیس نے ہلکالاٹھی چارج کیا اورکچھ اشک آورگولے بھی پھینکے ۔پنڈت مظاہرین راہول بھٹ کی ہلاکت میں ملوث عناصر کوسزا دینے اورپنڈتوں کومکمل تحفظ فراہم کرنے کامطالبہ کیا۔جے کے این ایس کے مطابق جموں و کشمیر پولیس نے بڈگام کے شیخ پورہ علاقے میں پنڈت ملازم کی ہلاکت کے خلاف کشمیری پنڈتوں کے احتجاج کو ناکام بنانے کے لئے جمعہ کی دوپہر آنسو گیس کے کچھ گولے داغے اور لاٹھی چارج بھی کیا۔ راہول بھٹ کی ہلاکت سے غمزدہ اوراپنی سلامتی کولیکر فکرمندپنڈت مظاہرین نے بتایا کہ وہ صبح11بجے تک لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا انتظار کر رہے تھے اور جب وہ نہیں آئے تو انہوں نے ہوائی اڈے کی طرف مارچ کرنے کا فیصلہ کیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ انہوں نے انتظامیہ اور پولیس کو مطلع کیا ہے کہ ایل جی موقع کا دورہ کریں اور ہمیں ہمارے تحفظ کی یقین دہانی کرائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ راہول بھٹ کے قتل میں ملوث مجرموں کو بخشا نہیں جائے گا۔مظاہرین کامزیدکہناتھاکہ چونکہ ایل جی موقع پر نہیں پہنچے اور ہمارے پاس سری نگر ہوائی اڈے کی طرف مارچ کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں بچا۔پولیس افسروںکے سمجھانے کے باوجود جب مظاہرین سری نگر ہوائی اڈے کی طرف بڑھنے تو موقع پر موجود پولیس اہلکاروں نے احتجاج کو ناکام بنانے کے لئے آنسوگیسکے چند گولے داغے،اورہلکا لاٹھی چارج بھی کیا۔حکام نے بتایاکہ مظاہرین میں شامل کچھ شرپسندوںنے پولیس پر پتھراو کیا اور پولیس کو مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ہلکی طاقت کا استعمال کرنے پر مجبور کیا۔انہوں نے کہاکہ اب شیخ پورہ بڈگام میںحالات پوری طرح سے قابو میں ہیں۔

جموں و کشمیر اِنتظامیہ راہل بھٹ کی اہلیہ کو جموں میں سرکاری نوکری اور کنبے کی مالی مددفراہم کرے گی ۔ لیفٹیننٹ گورنر
سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے بڈگام میں دہشت گردوں کے ہاتھوں مارے گئے راہل بھٹ کی اہلیہ کو سرکاری ملازمت دینے کا اعلان کیا۔اُنہوں نے کہاکہ حکومت لواحقین کو مالی اِمداد بھی دے گی اور متوفی کی بیٹی کے تعلیمی اخراجات بھی برداشت کرے گی۔دہشت گردانہ حملے کے تمام پہلوئوں کی تحقیقات کے لئے ایک خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی جائے گی۔لیفٹیننٹ گورنر نے ایک ٹویٹ میں کہا ،’’ جموںوکشمیر اِنتظامیہ راہل بھٹ کی اہلیہ کو جموں میں سرکاری نوکری اور کنبے کی مالی مدد فراہم کرے گی ۔ حکومت بیٹی کے تعلیمی اخراجات برداشت کرے گی۔‘‘دہشت گردانہ حملے کے تمام پہلوئوں کی تحقیقات کے لئے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ اورمتعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کو بھی منسلک کیا گیا ہے۔اس سے قبل لیفٹیننٹ گورنر نے راہل بھٹ کے رشتہ داروں سے ملاقات کی اور اہل خانہ کو اِنصاف کی یقین دہانی کرائی۔اُنہوں نے کہا کہ دُکھ کی اس گھڑی میں حکومت راہل بھٹ کے کنبے کے ساتھ برابر کے شریک ہے۔اُنہوں نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کو ان کے گھنائو نے فعل کی بہت بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔

شمشان گھاٹبن تالاب میں راہول بھٹ کی آخری رسومات
جموں//وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع کے چاڈورہ علاقے میں12 مئی بروزجمعرات کومشتنہ جنگجوئوں کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے مہاجر کشمیری پنڈت ملازم راہول بھٹ کی آخری رسومات جموں کے بن تالاب شمشان گھاٹ میں ادا کی گئیں جبکہ درگانگرجموں کے جانی پور روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔جے کے این ایس کے مطابقعینی شاہدین نے بتایا کہ سینکڑوں پرنم آنکھوں کے سامنے مقتول ملازم کی آخری رسومات جموں کے بن تالاب شمشان گھاٹ میں ادا کی گئیں۔آخری رسومات میں اے ڈی جی پی جموں زون مکیش سنگھ، صوبائی کمشنر جموں، ڈپٹی کمشنر جموں، ایس ایس پی جموں اور دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔ بی جے پی قائدین اور سول سوسائٹی کے ارکان نے بھی شمشان گھاٹ کا دورہ کیا۔راہول بھٹ کے والد کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے، اے ڈی جی پی مکیش سنگھ نے کہاکہ پورا پولیس پریوار سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑا ہے اور دلی ہمدردی، غم اور دکھ کا اظہار کرتا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پولیس کی جانب سے لواحقین کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ آخری رسومات کے بعد، کشمیری پنڈتوں نے قتل کے خلاف جانی پور روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور کشمیر میں پنڈت برادری کے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کے لیے مناسب سیکورٹی کا مطالبہ کیا۔عینی شاہدین نے بتایا کہ مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہو گئے۔

پنڈت ملازمت کی ہلاکت کیخلاف نطنوسہ کپوارہ میں احتجاج
ہندوارہ//کشمیری پنڈت ملازم راہل بٹ کی ہلاکت کے خلاف مختلف اضلاع کے ساتھ ضلع کپوارہ کے نطنوسہ پنڈت کالونی کے پنڈتوں نے سخت احتجاج مظاہرے کرتے ہوئے کپوارہ سرینگر نیشنل ہائی وے پر دھرنا دیکر احتجاج کیا۔پنڈتوں کو تحافظ دو،قاتلوں کو سزا دو،راہل ترے خون سے انقلاب آئے گا،راہل بھائی امر رہے کے نعرے بلند کیا۔ جے کے این ایس نامہ نگارطارق راتھر کے مطابق ضلع کپوارہ نطنوسہ پنڈت کالونی کے رہائشیوں نے جن میں زن و مرد شامل تھے اور وہ جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے۔ انہوں نے قاتل کو سزا دو ،پنڈتوں کو تحفظ دو کا مطالبہ کیا۔ اس دوران ڈپٹی کمشنر کپوارہ خالد جہانگیر اور ایس ایس پی کپوارہ یوگل منہاس،اے ڈی سی ہندوارہ نذیر احمد،تحصیلدار ہندوارہ نے موقع پر پہنچ کر احتجاج پر بیٹھے پنڈتوں کو سمجھا کر ان سے کالونی میں بیٹھ کر ایک گھنٹے تک بات چیت کی ۔ پنڈتوں نے اپنے معاملات انتظامیہ کے سامنے رکھے جنہیں ڈپٹی کمشنر کپوارہ اور ایس ایس پی کپوارہ نے حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔ اس دوران نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ڈی سی کپوارہ خالد جہانگیرنے کہاکہ جتنے بھی پنڈت ایمپلائز یہاں کام کررہے ہیں، ضلع کپوارہ کی انتظامیہ انکے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوںنے کہاکہ باقی جتنے بھی ان پنڈتوں کے مسائل ہونگے، ان کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ اس یقین دہانی کے بعد پنڈتوں نے اپنا احتجاج ختم کیا ۔