نائب وزیر اعلیٰ نے غیر ممکن کھڈوں کے بارے میں ٹائم بائونڈ رِپورٹ طلب کی

ذیلی کمیٹی کا عوامی مسائل کا جائزہ ، عوامی تجاویز او ردائمی متاثرہ علاقوں کی نشاندہی کی ہدایت

سری نگر//نائب وزیر اعلیٰ سریندرکمار چودھری نے جموں و کشمیر میں غیر ممکن کھڈوں سے متعلق مسائل کا جائزہ لینے کے لئے قائم ذیلی کمیٹی میٹنگ کی صدارت کی۔سول سیکرٹریٹ سری نگرمیں منعقدہ اس میٹنگ میں وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور جاوید احمد رانا اوروزیر برائے زرعی پیداوار ، دیہی ترقی و پنچایتی راج ، اِمدادِ باہمی اور الیکشن جاوید احمد ڈار نے شرکت کی جو اس ذیلی کمیٹی کے اَرکان ہیں۔میٹنگ کے شروعات میں نائب وزیرا علیٰ نے کمیٹی کی رِپورٹ کو حتمی شکل دینے سے پہلے لوگوں سے تجاویز حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔اُنہوں نے سول سیکرٹریٹ سے ایک نوڈل آفیسر نامزد کرنے کی ہدایت دی تاکہ عام لوگوں کو اَپنی تجاویز جمع کرنے میں آسانی ہو۔اُنہوں نے ہدایت دی کہ رِپورٹ مقررہ مدت کے اندر پیش کی جائے تاکہ عوام کے حقیقی مسائل کو منصفانہ اور جائز طریقے سے حل کیا جا سکے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری جل شکتی محکمہ شالین کابرانے ذیلی کمیٹی کو غیر ممکن کھڈوں کی موجودہ صورتحال اور جاری حد بندی کے عمل کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔دورانِ میٹنگ نائب وزیر اعلیٰ نے عوام کو درپیش مسائل کے خوش اسلوبی سے حل کے لئے عملی اور عوام دوست فیصلوں کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ پالیسی اَقدامات میں ماحولیاتی تحفظ اور شہریوں کے روزگار و جائیداد کے حقوق کے تحفظ کے درمیان توازن برقرار رکھا جانا چاہیے۔کمیٹی نے کھڈوں کی درست حد بندی اور صحیح تفصیلات جمع کرنے کے لئے ایک تکنیکی ٹیم تشکیل دینے کی بھی ہدایت دی۔بار بار پیش آنے والے عوامی مسائل کے مؤثرطریقے سے حل کے لئے دائمی متاثرہ علاقوں کی نشاندہی کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔اِس موقعہ پروزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور جاوید احمد رانا نے غیر ممکن کھڈوں سے متعلق مسائل کو حل کرتے ہوئے ایک متوازن اور ماحول دوست طریقہ اَپنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے متاثرہ آبادی کو راحت کو یقینی بناتے ہوئے ماحولیاتی مفادات کے تحفظ کے لئے محکموں کے درمیان مربوط کوششوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
وزیر برائے زرعی پیداوار ، دیہی ترقی و پنچاتی راج ، اِمدادِ باہمی اور الیکشن جاوید احمد ڈار نے شفافیت، عوامی شرکت اور شکایات کے بروقت ازالے کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔ذیلی کمیٹی نے غیر ممکن کھڈوں، دریاؤں اورکوہلوں کی موجودہ صورتحال اور متعلقہ مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاتاکہ جہاں ضرورت ہو وہاں عام لوگوں کو راحت فراہم کی جا سکے۔ذیلی کمیٹی کے ارکان نے مختلف تجاویز بھی پیش کیں اورمتعدد عوامی خدشات کو اُجاگر کیا جن پر فوری توجہ کی ضرورت ہے۔میٹنگ میںسیکرٹری محکمہ ریونیو راجیو رنجن،صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار، کمشنر جموں میونسپل کارپوریشن ڈاکٹر دیونش یادو، وائس چیئرمین جے ڈِی اے، چیف اِنجینئر آئی اینڈ ایف سی جموں روپیش کمار اور متعلقہ محکموں کے دیگر سینئر اَفسران بھی موجود تھے۔