مبارک منڈی ہیریٹیج کمپلیکس میں بحالی کے کاموں کا جائیزہ لیا
جموں//نائب وزیر اعلیٰ مسٹر سریندر چودھری نے جموں کے سبزی منڈی لین ستواری میں جاری ڈگیانہ ۔ جیون نگر پُل پروجیکٹ کا وسیع معائینہ کیا اور اہم بنیادی ڈھانچے کے پروجیکٹ پر چلائے جا رہے کام کی رفتار اور معیار کا جائیزہ لیا ۔ معائنہ کے دوران نائب وزیر اعلیٰ نے زمینی سطح پر ہونے والی پیش رفت کا جائیزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ مواد کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھتے ہوئے پل کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ منصوبہ علاقے میں رابطے کو بہتر بنانے اور عوامی نقل و حرکت کو آسان بنانے میں کافی اہمیت رکھتا ہے ۔ بعد ازاں نائب وزیر اعلیٰ نے تاریخی مبارک منڈی ہیریٹیج کمپلیکس کا دورہ کیا اور ہیریٹیج سائٹ پر جاری بحالی اور ترقیاتی کاموں کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے تاریخی گدادھر مندر کے متاثرہ لان اور دیواروں کی بحالی کا جائیزہ لیا اور بحالی کے کاموں کے معیار پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے کمپلیکس کے ورثے کے کردار اور ثقافتی اہمیت کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ دورے کے دوران نائب وزیر اعلیٰ نے ہیریٹیج کمپلیکس میں اور اس کے آس پاس رہنے والے مقامی باشندوں کیلئے ضروری شہری سہولیات کی دستیابی کا بھی جائیزہ لیا ۔ عوامی خدشات کا نوٹس لیتے ہوئے انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ اندھیری گلی محلہ ، پنجتیرتھی ، مبارک منڈی اور ملحقہ علاقوں کے مکینوں کو پینے کے پانی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائیں ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے ، ورثے کے اثاثوں کے تحفظ اور عوامی خدمات کی موثر فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ قریبی تال میل کے ساتھ کام کریں اور عوامی مسائل کو مقررہ وقت میں حل کریں۔ معائنہ کے دوران محکمہ جل شکتی ، محکمہ تعمیراتِ عامہ ( آر اینڈ بی ) ، ضلع انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں کے سینئر افسران نائب وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے ۔










