نائب وزیر اعلیٰ نے اوڑی میںترقیاتی کاموںکی پیش رفت اور ضروری خدمات کی دستیابی کا جائیزہ لیا

آفیسرز کلب میں اجلاس کی صدارت کی ، منصوبوں کی تکمیل اور معیار پر زور دیا

اوڑی//نائب وزیر اعلیٰ مسٹر سریندر چودھری نے آفیسر کلب اوڑی میں اعلیٰ افسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں ضروری خدمات کی دستیابی ، بنیادی سہولیات اور اوڑی سب ڈویژن میں ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائیزہ لیا ۔ میٹنگ میں ایم ایل اے اوڑی ڈاکٹر شجاد شفیع ، چیف انجینئر آر اینڈ بی شمالی کشمیر ، چیف انجینئر پی ایم جی ایس وائی ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بارہمولہ ، سب ڈویژنل مجسٹریٹ اوڑی ، جوائینٹ ڈائریکٹر مائننگ اور ضلع انتظامیہ و متعلقہ محکموں کے دیگر افسران نے شرکت کی ۔ میٹنگ کے دوران نائب وزیر اعلیٰ نے فوری خدمات کی فراہمی ، مضبوط ترقی اور عوام تک رسائی کی ضرورت پر زوردیا تا کہ حقیقی عوامی شکایات کا خوش اسلوبی سے ازالہ یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ عوام تک رسائی میں رہیں اور ترقیاتی اور فلاحی امور کو بروقت نمٹانے کو یقینی بنائیں ۔ جاری انفراسٹرکچر پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائیزہ لیتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے معیاری عمل آوری اور کاموں کی بروقت تکمیل پر زور دیا ۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ پروجیکٹوں کا باقاعدہ معائینہ کریں تا کہ مقررہ رہنما خطوط اور ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے اوڑی میں سڑک کنیکٹیویٹی پروجیکٹوں کی حالت کا بھی جائیزہ لیا اور کہا کہ پچھلے ڈیڑھ سال کے دوران اس علاقے میں تقریباً 20 سڑکوں کے منصوبے شروع کئے گئے ہیں جبکہ اضافی پروجیکٹ پائپ لائن میں ہیں اور جلد ہی ان پر عملدرآمد کیا جائے گا ۔ انہوں نے زور دیا کہ ترقیاتی اقدامات سے دور دراز دیہات میں رہنے والے لوگوں کیلئے بہتر رابطے اور معیار زندگی کو بہتر بنانا چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے کہ دیہاتوں کو شہر کے برابر سہولیات فراہم کی جائیں تا کہ مقامی نوجوان اپنی خواہشات اور خوابوں کو پورا کر سکیں ۔ علاقے میں جپسم کان کنی کے کاموں کا جائیزہ لیتے ہوئے انہوں نے زور دیا کہ کان کنی کی سرگرمیوں سے مقامی کمیونٹیز کو براہ راست فائدہ پہنچنا چاہئیے اور متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ تمام متعلقہ کاموں میں شفافیت اور ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے مقامی دیہاتوں کو پینے کے پانی اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی پر زور دیا ۔ انہوں نے سب ڈویژن اوڑی میں تمام جاری ترقیاتی پروجیکٹوں کی معیاری اور بروقت تکمیل پر زور دیا ۔