نائب وزیرا علیٰ نے کنگری کا دورہ کیا

متاثرہ کنبوں کو مالی اِمداد فراہم اور سڑکوں کی مناسب مینی ٹننس کی ہدایت دی

راجوری//نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے کنگری علاقے کا دورہ کیا جہاں حال ہی میں ایک المناک لینڈ سلائیڈنگ حادثے میں دو اَفرادکی جانیں گئیں۔ اُنہوں نے سوگوارکنبوںکو وزیر اعلیٰ ریلیف فنڈ سے 4 لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کی۔ نائب وزیر اعلیٰ نے جانی نقصان پر گہرے دُکھ کا اِظہار کرتے ہوئے لواحقین کو حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کی۔ اُنہوں نے کہا کہ اِنتظامیہ اس مشکل گھڑی میں متاثرہ کنبوںکے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔اُنہوں نے موقعے پر ہی پی ڈبلیو ڈِی اور بی آر او کے حکام کو ہدایت دی کہ وہ سڑکوں کی مناسب مینی ٹیننس کو یقینی بنائیں تاکہ عام لوگوں کوبالخصوص بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے پیش نظر مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اُنہوں نے متعلقہ محکموں سے کہاکہ نقصان زدہ راستوں کی بروقت بحالی اور کمزور سڑک کے حصوں کو مضبوط بنانے کے لئے پیشگی اقدامات اُٹھائے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔اِس موقعہ پرنائب وزیرا علیٰ سریندر کمار چودھری کے ہمراہ اے ڈِی سی نوشہرہ پریتم لال تھاپا، ایس اِی پی ڈبلیو ڈی تلک راج، ایکس ای این پی ڈبلیو ڈی نوشہرہ سرور محمود اور دیگر متعلقہ افسران بھی تھے اور اُنہوں نے علاقے میں جاری بحالی کے کاموں کے بارے میں انہیں آگاہ کیا۔اُنہوں نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت تیز تر ریلیف، بحالی اور طویل مدتی بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لئے پُرعزم ہے بالخصوص اُن علاقوں میں جو لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر ہونے کے خدشے سے دوچار ہیں۔