عوامی شکایات سنیں،بہتر خدمات کی فراہمی اور بنیادی دھانچے کی ترقی پر زور
نوشہرہ//نائب وزیر اعلیٰ سریندرکمار چودھری نے نوشہرہ کا تفصیلی دورہ کر کے مختلف ترقیاتی کاموں اور طبی سہولیات کا معائینہ کیا۔دورے کے دوران اُنہوںنے مختلف وفود اور اَفراد سے ملاقات کی جنہوں نے انہیں مختلف عوامی مسائل، ترقیاتی ضروریات اور مقامی مسائل سے آگاہ کیا۔نائب وزیراعلیٰ نے سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال نوشہرہ کا بھی دورہ کیا تاکہ وہاں فراہم کی جا رہی طبی سہولیات اور مریضوں کی نگہداشت کا جائزہ لیا جا سکے۔اُنہوں نے مریضوں، تیمارداروں اور ہسپتال عملے سے بات چیت کے دوران ہسپتال کے کام کاج اور فراہم کی جا رہی خدمات کے معیار کے بارے میں روبرو رائے حاصل کی۔سریندر کمار چودھری نے متعلقہ حکام کو بہتر طبی خدمات، ضروری سہولیات کی دستیابی اور مریضوں کے بروقت علاج کو یقینی بنانے کی ہدایت دِی۔ اُنہوں نے اِس بات پرزوردیاکہ عوامی فلاح و بہبود اور مؤثر طبی خدمات کی فراہمی حکومت کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہیں۔اُنہوں نے ڈاک بنگلہ نوشہرہ کا بھی معائینہ کیا اور اُنہوںنے وہاں جاری کاموں، مینی ٹیننس اور عوامی سہولیات و مہمان نوازی کے معیار کو بہتر بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے عوامی اِفادیت اوروِزیٹروں کی سہولیات کو بڑھانے کے لئے معیار کو برقرار رکھتے ہوئے کاموں کی بروقت تکمیل کی ضرورت پر زور دیا۔نائب وزیراعلیٰ نے کہا، ’’حکومت جوابدہ طرزِ حکمرانی اور نچلی سطح پر ترقی کے لئے پُرعزم ہے۔ عوام سے بامعنی روابط کے ذریعے ان کی توقعات کو بہتر انداز میں سمجھا جا سکتا ہے اوراِس بات کو یقینی بنایا جاتا ہے کہ حکمرانی عوام دوست پر مرکوز اور نتیجہ پر مبنی رہے۔‘‘










