نائب وزیراعلیٰ نے جموں خطے میں پی ڈبلیو ڈِی کاموں کا جائزہ لیا

ٹائم لائنز اور معیاری اَصولوں پر عمل در آمد پر زور

جموں//نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمارچودھری نے آج صوبہ جموں کے تمام اَضلاع میں محکمہ تعمیراتِ عامہ( پی ڈبلیو ی) کے منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ کے شروعات میں نائب وزیر اعلیٰ نے جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کی عمل آوری میں تیزی لانے اور جموں کے اضلاع میں مضبوط بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ کاموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بناتے ہوئے منصوبوں پرمؤثر عمل درآمد کو برقرار رکھیں۔دورانِ میٹنگ اُنہوں نے آر اینڈ بی، پی ایم جی ایس وائی، ایس اے ایس سی آئی اور دیگر شعبوں کے تحت جاری کاموں کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ جاری ٹینڈرنگ کے عمل کو تیزکریں اور کاموں کی فوری الاٹمنٹ کو یقینی بنائیں تاکہ منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جا سکے۔نائب وزیراعلیٰ نے معیار اور جوابدہی پر زور دیتے ہوئے اَفسران اور ٹھیکیداروں کو ترقیاتی کاموں میں غیر معیاری مواد کے اِستعمال کے خلاف خبردار کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ معیار پر سمجھوتہ کرنے یا منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر کرنے والے اَفسران اور ٹھیکیداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔اُنہوںنے کہاکہ ہم نے معیار کی خلاف ورزیوں اور منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر کے خلاف زیرو ٹالرینس کی پالیسی اَپنائی ہے۔سریندر کمار چودھری نے مزید کہا کہ حکومت شفاف، مؤثر اور عوام دوست ترقی کے لئے پُرعزم ہے جس کا مقصد پورے خطے میں بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا اور عوامی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانا ہے۔میٹنگ میں چیف اِنجینئر، متعلقہ اِنجینئرنگ وِنگوں کے ایگزیکٹیو انجینئروں اور دیگر متعلقہ محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔