LtGovernor attends the Foundation Day celebration of Shri Mata Vaishno DeviShrine Board & SMVD GurukulÆs Annual Day at Katra (4)

منوج سنہا نے شرائن بورڈ اور گروکل کے مختلف پروجیکٹوں کا افتتاح کیا

لیفٹیننٹ گورنر کی کٹرا میں شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ اور ایس ایم وی ڈی گروکل کے یوم تاسیس کی تقریب میں شرکت

کٹرا//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ (ایس ایم وی ڈی ایس بی) کے 37 ویں یوم تاسیس اور شری ماتا ویشنو دیوی گروکل چرن پڈوکاکٹرہ کے 12 ویں سالانہ دن کی تقریب شری ماتاویشنو دیوی یونیورسٹی کے ماتریکا آڈیٹوریم میں شرکت کی۔اس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے شرائن بورڈ اور گروکل کے مختلف پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا جس میں گروکل کی توسیع کے لئے ایک نیا ہوسٹل اور اردھکواری اور بنگنگا میں شرائن بورڈ کے ملازمین کے لئے اَقامتی سہولیات شامل ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے شرائن بورڈ کے ملازمین کے لئے ایک اور اہم فلاحی قدم اُٹھاتے ہوئے ہائیر اونچائی پر تعینات 1450 ایس ایم وِی ڈی ایس بی ملازمین کے لئے ہارڈ شپ الاؤنس کا اعلان کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے مسافروں کی سہولیت کے لئے نیا آر ایف آئی ڈی سسٹم بھی متعارف کیا۔ یہ نظام عقیدت مندوں کو بغیر کسی پریشانی اور کسی رُکاوٹ کے رسائی کے کنٹرول کو یقینی بنائے گا۔بھاری رش کے بہتر انتظام اور یاتریوں کی ٹریکنگ کے لئے کٹرہ میں 29 کاؤنٹر اور کنٹرول روم قائم کئے گئے ہیں اور ٹریک پر 7 مقامات پرویریفکیشن کاؤنٹر قائم کئے گئے ہیں۔اِس موقعہ پر جانکاری دی گئی کہ سپریچول تھیم پارک پر کام نوراتر سے پہلے شروع کیا جائے گا۔لیفٹیننٹ گورنر نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے تمام ممبران، شراکت داروں اور شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ اور شری ماتا ویشنو دیوی گروکل سے وابستہ سبھی کو یوم تاسیس کی مبارک باد دی۔اُنہوں نے اس بات کا مشاہدہ کرتے ہوئے کہاکہ شری ماتا ویشنو دیوی گروکل علم اور دانش کا مرکز ہے اور گروکل مستقبل کے لیڈروں کو تیار کرنے کا ایک بہترین ذریعہ ہے جو جدید، روایتی اور روحانی تعلیم سے اچھی طرح مانوس ہوں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ گذشتہ 12 برسوں سے گروکل جموں و کشمیر کی مضبوط روحانی ثقافتی بنیاد کے لئے راہ ہموار کر رہا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ گروکل کا سینٹرل سنسکرت یونیورسٹی نئی دہلی کے ساتھ افیلیشن ہے۔ جموں و کشمیر میں سنسکرت کے احیاء اور طلباء کو سائنس اور روحانیت سے جوڑنے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے شراکت داروں پر زور دیا کہ گروکل میںہمیں طلباء میں اصل خیالات کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے اور ان کے ذہنوں کی پرورش کرنی چاہیے تاکہ وہ زندگی کی اعلیٰ اقدار سیکھ سکیں اور خود کو قوم کی تعمیر کے لئے وقف کر سکیں۔ ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ قومی تعلیمی پالیسی کے مطابق نصاب میں ضروری تبدیلیاں کی جائیں۔اُنہوں نے کہا کہ گذشتہ دو برسوں میں ہم نے قومی تعلیمی پالیسی کے مطابق جموں و کشمیر میں تعلیمی نظام کو نئی شکل دینے کی کوشش کی ہے۔ سکول سے یونیورسٹی کی سطح تک تمام اداروں کو شعور میں تبدیلی کے مراکز کے طور پر تیار کرنے کے لئے کام کیا گیا ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ آج ہمارے نوجوان ذاتی خواہش کے ساتھ ساتھ معاشرے کی خدمت کو ترجیح دے رہے ہیں اور یہ ایک طویل عرصے کے بعد ایک قابل ذکر تبدیلی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہم نے گذشتہ دو برسوں میںمتعدد اہم اقدامات شروع کئے ہیں، جن میں فلیگ شپ پروگرام ’’سٹوڈنٹ ٹیچر مینٹرشپ‘‘شامل ہے جو سیکھنے کے فرق کی نشاندہی کرکے سیکھنے کے نتائج کو بڑھانے کی جانب ایک انقلابی قدم ہے۔ شری ماتا ویشنو دیوی گروکل میں بھی اساتذہ کو طلباء کی ضروریات، صلاحیت اور دلچسپیوں کا اندازہ لگا کر اپنے تدریسی طریقہ کار کو یکسر تبدیل کرنے کا موقعہ ملے گا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ نصاب میں ہم آہنگ تبدیلیوں کا باعث بنے گا۔لیفٹیننٹ گورنر نے مرکزی سنسکرت یونیورسٹی کے ساتھ افیلیشن اور گروکل کی توسیع کے لئے اِنتظامیہ کی کوششوں کی تعریف کی جہاں تک طلبہ کی تعداد کا تعلق ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے ہر ماہ شری ماتا ویشنو دیوی شرائین پر آنے والے 8سے9 لاکھ عقیدت مندوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔اُنہوں نے کہا کہ اس موقعہ پر ہمیں ایس ایم وی ڈی شرائن بورڈ کے آئین میں سابق جموں و کشمیر کے سابق گورنر شری جگموہن جی کے کلیدی کردار کو بھی یاد رکھنا چاہیے۔اُنہوں نے کہا کہ عقیدت مندوں کے بھاری رش کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم ان کی یاترا کو بغیرکسی پریشانی بنانے کے لئے سہولیات کو مسلسل بہتر کر رہے ہیں۔ گزشتہ دو برسوں میں بہتر سہولیات اور وسائل کے لئے نئے پروجیکٹوں کی منظوری دی گئی ہے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ سکائی واک پر کام دسمبر تک مکمل ہو جائے گا۔ نیشنل ہائی وے لاجسٹکس مینجمنٹ لمیٹڈ (این ایچ ایل ایم ایل ) اور کٹرا ڈیولپمنٹ اَتھارٹی کے درمیان 30 ؍اگست 2022 ء کو دستخط کئے گئے مفاہمت نامے کے تحت ہیلی پیڈ، ریلوے اسٹیشن، بس اسٹینڈ، آٹو اسٹینڈ، پارکنگ، فائیو اسٹار جیسی خدمات لانے والے عقیدت مندوں کے لئے اپنی نوعیت کا ایک انٹر ماڈل سٹیشن بنائے گا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے دنیا بھر سے آنے والے زائرین کو جدید ترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے اور مقامی معیشت اور زیارت گاہوں کے درمیان تعلق کو مزید مضبوط بنانے کے لئے کئے گئے بہت سے نئے اقدامات کی فہرست دیتے ہوئے کہا کہ حکومت روحانی سیاحتی سرکٹ کی ترقی اور فروغ کے لئے کام کر رہی ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہاکہ روحانی ثقافتی ورثے کے تحفظ اور احیاء کے لئے کوششیں کی جا رہی ہیں اور ممتاز روحانی اور مذہبی مقامات جیسے پُرمنڈل۔ اتربھنی، مانسر۔ سرنسر اور شیو کھوری کو ملک کے مذہبی سیاحتی سرکٹ پر لانے کی کوشش کی جا رہی ہے جس سے مقامی لوگوں کے لئے روزی روٹی کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں، کٹھوعہ، رام بن، ریاسی، سانبہ اور ادھم پور میں روحانی ثقافتی اہمیت کے حامل مقامات کے تحفظ کے لئے 18 پروجیکٹ شروع کئے گئے ہیں جنہیں برسوں سے نظر انداز کیا گیا تھا۔ سات دہائیوں کے انتظار کے بعد ان تمام مقامات کو بحال کیا جائے گا اور پورے علاقے کی جامع اور ہمہ گیر ترقی کو یقینی بنایا جائے گا۔لیفٹیننٹ گورنر نے یہ بھی کہا کہ سب انسپکٹر، فائنانشل اکاؤنٹ اسسٹنٹ اور جونیئر انجینئر کی بھرتی کے امتحان میں مبینہ بے ضابطگیوں کے لئے مجرموں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔اُنہوں نے کہا کہ سب انسپکٹر، فائنانشل اکاؤنٹ اسسٹنٹ اور جونیئر انجینئر کی بھرتی کے امتحان میں بے ضابطگیوں کی شکایات سامنے آئیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ اعلیٰ سطحی کمیٹی نے بغیر کسی تاخیر کے الزامات کی تحقیقات کی اور کمیٹی کی سفارش کو مدنظر رکھتے ہوئے ان تینوں امتحانات کی تحقیقات سی بی آئی کو سونپ دی گئی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ میں نوجوانوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ شفافیت اور میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ انصاف کو یقینی بنایا جائے گا، ان کی قابلیت اور میرٹ کا احترام کیا جائے گا اور ان تمام عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جنہوں نے غیر اخلاقی طور پر قابلیت کے امیدواروں کے مستقبل کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے۔مہمندلیشور شری سوامی وشویشورانند گری جی مہاراج، شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ کے ممبر اور گورننگ کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ 2010 ء میں اپنے قیام کے بعد سے 12 برس کے مختصر عرصے کے دوران گروکل نے سنسکرت میں معیاری تعلیم فراہم کرنے میں نام کمایا ہے۔بہت جلد یہ ایک مرکز کے طور پر ابھرے گا۔چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتانے شرائین کے ساتھ بے مثال جذباتی تعلق کو تسلیم کرتے ہوئے اب تک حاصل کی گئی کامیابیوں کی ستائش کی۔چیف ایگزیکٹیو آفیسرایس ایم وی ڈی ایس بی کے انشل گرگ نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں لیفٹیننٹ گورنر کی رہنمائی میں شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ کی طرف سے بہت ہی مختصر مدت میں یاتریوں کی سہولیت کے لئے شروع کئے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی جس میں موبائل ایپ، ہوم ڈیلیوری۔ پوجا پرساد/پنچ میوا پرساد کا، یاتریوں کی سہولیت کے لئے چوبیس گھنٹے کال سینٹر، ہائی ٹیک ویڈیو والز کی تنصیب، درگا بھون کی تعمیر، اِی۔ لائبریری، یاتری قطار کا انتظام (سکائی واک)، زیر زمین کیبلنگ پروجیکٹ اور آر ایف آئی ڈی پروجیکٹ شامل ہیں۔انہوں نے شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ کو ضرورت پڑنے پر مکمل تعاون فراہم کرنے کے لئے چیف سکریٹری کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے گروکل کے کام کاج میں مسلسل بہتری کے لئے کی جا رہی کوششوں کے بارے میں بھی اجتماع کو آگاہ کیا۔پرنسپل گروکل ڈاکٹر دھننجے مشرا نے ادارے کی سالانہ رپورٹ پیش کی جبکہ گروکل کے طلباء نے ایک متاثر کن سنسکرت ڈرامہ ’’بھارت وجیم‘‘پیش کیا جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔لیفٹیننٹ گورنر نے اُن ہونہار طلباء کو نوازا جنہوں نے گذشتہ ایک برس کے دوران تعلیمی اور دیگر متعدد غیر نصابی سرگرمیوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے سنسکرت سیکھنے کے ایک انسٹی ٹیوٹ گروکل کی بنیاد اور ارتقاء پر ایک کتاب ’’گروکولوڈیم‘‘کا اجرا کیا۔ انہوں نے ایک تصویری نمائش کا بھی افتتاح کیا جس میں 1986 ء سے شرائن بورڈ کی پلگرم سینٹرک خدمات اور سماجی معاونت کی مداخلتوں کو شامل کیا گیا تھا۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے ایس ایم وی ڈی گروکل میں نیو ڈائننگ کم ایکموڈیشن کمپلیکس اور کنیا نرسری، پنتھل میں نیچر انٹرپریٹیشن سینٹر اور سیڈ بینک کا اِی۔سنگ بنیاد بھی رکھا۔اِس موقعہ پر شرائن بورڈ کے اراکین بلیشور رائے، ڈاکٹر اشوک بھان، ڈاکٹر نیلم سرین، سریش کمار شرما، رگھو کے مہتا، پروفیسر شری نواس ورکھیدی، وائس چانسلرسینٹرل سنسکرت یونیورسٹی دہلی پروفیسر (ڈاکٹر) رویندر کمار سنہا، وی سی ایس ایم وی ڈی یو ڈاکٹر سنجیو جین، وی سی سینٹرل یونیورسٹی جموں موجود تھے۔پدم شری وشوامورتی شاستری، ڈائریکٹر ایس ایم وی ڈی گروکل مکیش سنگھ، اے ڈی جی پی جموں رمیش کمار، صوبائی کمشنر جموں محترمہ ببیلا رکوال، ضلع ترقیاتی کمشنر رِیاسی کے علاوہ طلباء ، فیکلٹی ممبر اور ممتاز شہریوں نے بھی شرائن بورڈ کے یوم تاسیس اور ایس ایم وی ڈی گروکل کے سالانہ دن کی تقریب میں شرکت کی۔