اسکولوں وکالجوں کے اوقات کے دوران تعلیمی اداروں میں طلبہ پر مناسب نظر رکھناہوگی: ڈاکٹر سحرش اصغر
بارہمولہ//بارہمولہ کو نشہ مکت بھارت ابھیان (این ایم بی اے) کے تحت منشیات سے پاک ضلع بنانے کیلئے کئے جانے والے ایکشن پلان اور دیگر اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے بارہمولہ کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر سید سحرش اصغر نے گزشتہ روز یہاں ڈاک بنگلہ میں سیول وپولیس افسران کی اہم میٹنگ کی صدارت کی۔ جے کے این ایس کے مطابق اس میٹنگ میں سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بارہمولہ رئیس محمد بٹ،سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سوپور شبیر نواب، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بارہمولہ ظہور احمد رینہ، ایس ڈی ایم اوڑی ہرویندر سنگھ، ایس ڈی ایم گلمرگ، سمیر جان، ایس ڈی ایم پٹن سید فہیم، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر بارہمولہ جہانگیر آخون اور مختلف افسران موجود تھے۔میٹنگ میں دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں منشیات کے استعمال کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اعلی سطحی میٹنگ میںمنشیات فروشوںکے خلاف کریک ڈاؤن، مقامی منشیات کی سپلائی مرکز، استعمال کے مقامات، بحالی کے اقدامات جیسے چیلنجز پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا اور ان سے نمٹنے کی حکمت عملیوں پر روشنی ڈالی گئی۔شروع میں، ڈاکٹر سید سحرش اصغرنے کہا کہ نشہ مکت بھارت ابھیان کا آغاز ادارہ جاتی تعاون پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے کیا گیا تھا اور ساتھ ہی ساتھ کمیونٹی آؤٹ ریچ پروگرام پر بھی توجہ مرکوز کی گئی تھی تاکہ معاشرے کو ہر قسم کی نقصان دہ لت جیسے شراب، منشیات کے استعمال وغیرہ سے پاک کیا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنربارہمولہ نے سکولوں/کالجوں کے اوقات کے دوران تعلیمی اداروں میں گھسنے والے طلباء پر مناسب نظر رکھنے پر بھی زور دیا تاکہ ان کے منشیات کی لعنت میں ملوث ہونے کے امکانات کو روکا جا سکے۔اس معاملے کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے، ڈپٹی کمشنر نے ہر محکمے کے تمام فیلڈ اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ منشیات اور سائیکو ٹراپک مادوں کی نقل و حمل اور استعمال کے علاقوں کی نشاندہی کریں تاکہ اس کے خاتمے کے لیے مناسب نگرانی کی جائے۔ ڈاکٹر سید سحرش اصغر نے این ڈی پی ایس کے مناسب نفاذ کے لیے متعلقہ افراد پر زور دیا۔ڈی سی نے تعلیمی اداروں اور دیگر اہم مقامات پر منشیات کے مضر اثرات کے بارے میں آگاہی ورکشاپس کا انعقاد کرنے کے لیے بھی کہا۔انہوں نے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ وہ ضلع بھر میں منشیات کی سپلائی اور استعمال پر نظر رکھنے کے لیے اسکولوں/کالجوں میں اور اس کے ارد گرد مناسب نگرانی کو یقینی بنائیں۔ ڈپٹی کمشنربارہمولہ نے سماج میں منشیات کے مضر اثرات کے بارے میں بیداری پھیلانے میں نوجوان رضاکاروں، این سی سی کیڈٹس، آنگن واڑی ورکرس کو شامل کرنے پر زور دیا۔انہوں نے تعلیمی اداروں میں ہونے والی سرگرمیوں کا کیلنڈر بنانے پر بھی زور دیا تاکہ طلباء کو منشیات کے خطرات سے آگاہ کیا جا سکے۔بیداری کے پروگراموں پر مزید زور دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنربارہمولہ نے زور دے کر کہا کہ اس مسئلے پر بیداری پیدا کرنا اس کے خلاف سب سے زیادہ طاقتور ہتھیار ہے اور عوام اور خاص طور پر عوامی نمائندوں، سول سوسائٹی کے اداروں، دیگر سماجی اور اقتصادی تنظیموں اور ممتاز شہریوں سے ان سرگرمیوں میں حصہ لینے کی اپیل کی۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر سید سحرش اصغر نے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ایک ٹول فری ہیلپ لائن نمبرز بھی شروع کئے، جو زندگی کی قدر کرنے اور متاثرین کی مشاورت کے لیے ذہنی صحت کی ہیلپ لائن ہے۔










