ملک کے قومی اثاثے منتخب سرمایہ داروں کے حوالے کیے جا رہے ہیں

ہم اس مسئلے کے خلاف سڑکوں سے لیکر پارلیمنٹ تک اپنی آواز اٹھاتے رہیں گے /راہول گاندھی

سرینگر// پارلیمنٹ کمپلیکس میں پبلک سیکٹر انڈرٹیکنگس سے وابستہ افراد سے ملاقات کے بعد نجکاری کی پالیسیوں پر مرکز پر تنقید کرتے ہوئے لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کہا کہ قومی اثاثے منتخب سرمایہ داروں کے حوالے کیے جا رہے ہیں۔سی این آئی کے مطابق راہول گاندھی نے حکومت پر الزام لگایا کہ وہ منافع بخش کی بھی نجکاری کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، اور الزام لگایا کہ قومی اثاثوں کو سرمایہ داروں کے ایک منتخب گروپ کے حوالے کیا جا رہا ہے۔راہول کانگریس نے ایکس پر اپنے آفیشل ہینڈل پر لکھا ’’ قائد حزب اختلاف راہول گاندھی نے پبلک سیکٹر انڈرٹیکنگس سے وابستہ لوگوں سے ملاقات کی۔ مودی حکومت منافع بخش PSUs کی بھی نجکاری پر تلی ہوئی ہے۔ملک کے اثاثے منتخب سرمایہ داروں کے حوالے کیے جا رہے ہیں۔ ہم اس مسئلے کے خلاف سڑکوں سے لے کر پارلیمنٹ تک اپنی آواز اٹھاتے رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔اس میٹنگ میں کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی بھی موجود تھیں۔دریں اثنا، آج لوک سبھا میں آئین پر بحث سے پہلے، کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے جمعہ کو الزام لگایا کہ کئی خود مختار اداروں کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں نظم و نسق ٹھیک نہیں ہے۔آئین کو اپنانے کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر ایک خصوصی بحث آج شروع ہونے والی ہے اور اس بحث کے دوران نومنتخب ویاناڈ ایم پی پرینکا گاندھی واڈرا لوک سبھا میں اپنی پہلی تقریر کرنے کا امکان ہے۔