اَفسران سے کہا کہ کارپویشن میں جدید ترین تکنیکی مداخلتوں کا اِستعمال کریں
سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں جموں وکشمیر ایگرو اِنڈسٹریز ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمٹیڈ ( جے کے اے آئی ڈی سی ایل ) کی 48ویں اور 51ویں سالانہ جنرل میٹنگ ( اے جی ایم ) کی صدارت کی۔میٹنگ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری زرعی پیداوار محکمہ اَتل ڈولو ، سیکرٹری پلاننگ ڈیولپمنٹ اینڈ مانیٹرنگ ڈیپارٹمنٹ راگھو لنگر ،سیکرٹری اے پی ڈی شبنم کاملی ، ایم ڈی جے کے اے آئی ڈی سی ایل ، ڈائریکٹر زراعت جموں / کشمیر ، ڈائریکٹر ہارٹی کلچر جموں / کشمیر ، ڈائریکٹر اینمل ہسبنڈری جموں / کشمیر ، مرکزی وزارت زراعت کے نمائندے ، نبارڈ کے نمائندے اور محکمہ کے دیگر سینئر اَفسران نے ذاتی طور پر اور بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ شرکت کی۔اے جی ایم میٹنگ میں کارپوریشن کے مختلف پہلوئوں پر تفصیلی بات چیت کی گئی ۔ اِس کے علاوہ مالی سال 2015-16ء، 2016-17ء، 2017-18ء اور 2018-19ء کی آڈِٹ رپورٹوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔دورانِ میٹنگ مشیر راجیور ائے بھٹناگر نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ کارپوریشن کا قیام جموںوکشمیر کے کسانوں کو فصل کے بعد کا بنیادی ڈھانچہ ، معیاری زرعی معلومات ، مشینری اور مارکیٹنگ کی مدد فراہم کرنے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔اِس لئے ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ ہم اَپنے کسانوں کو ہر ممکن مدد اور سہولیت فراہم کریں۔اُنہوں نے کارپوریشن کے اَفسران پر زور دیا کہ وہ جموںوکشمیر کے بلاک اور ضلعی سطحوں پر اَپنی موجودگی کا اَحساس دِلائیں اور کسانوں کے فائدے کے لئے تمام زرعی آلات اور خدمات دستیاب کریں۔مشیر موصوف نے کارپوریشن کی اِنتظامیہ کو تمام جدید ترین تکنیکی مداخلتوں کو بروئے کار لانے کی تاکید کی جو پوری دُنیا میں اِستعمال کی جارہی ہے تاکہ کارپوریشن کو مزید قابلِ عمل اور منافع بخش بنایا جاسکے۔اُنہوں نے کارپوریشن کے اَفسران سے یہ بھی کہا کہ وہ پی آر آئی کے نمائندوں کی شمولیت سے بیداری کیمپ منعقد کرنے اور کسان برادری کے ساتھ پنچایت سطح پر بات چیت کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ مستفید ہوں ۔










