Sonam Lotus

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق مطلع ابرآلودرہنے کے بعد موسم نے بدلی کروٹ

مغل روڑ بند ،کپوارہ کرناہ شاہراہ پر ٹریفک میں خلل، جمعے کی شام تک برف وباراں:سونم لوٹس

سری نگر//محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق دوران شب مطلع ابرآلودرہنے کے بعد کشمیر وادی ،خطہ پیرپنچال اور وادی چناب کے کئی علاقوںمیں جمعرات کوبعددوپہر برف باری اور بارشوںکا سلسلہ شروع ہوگیاجبکہ پیرکی گلی کے مقام پر دوران شب تازہ برف باری ہونے کے بعد جمعرات کوصبح سے مغل روڑ کوٹریفک کی آمدورفت کیلئے بند کردیاگیا۔سری نگرکے کچھ علاقوں میں بارش توکچھ علاقوںمیں ہلکی برف باری ہوئی ۔جے کے این ایس کے مطابق دوران شب مطلع ابرآلودرہنے کے بعد جمعرات کو دوپہر کے بعدبدھ اور جمعرات کی درمیانی رات پیرکی گلی اورپہلگام نیز اسکے نواحی علاقوںمیں تازہ برف باری ہوئی ،جسکے نتیجے میں مغل روڑ کوجمعرات کی صبح سے ہی آمدورفت کے لئے دونوں جانب سے بند کردیاگیا۔حکام نے بتایاکہ پیرکی گلی اورکچھ دیگر مقامات پر دوران شب تازہ برف باری ہونے سے سڑک پر پھسلن پیداہوگئی اوراسی لئے مغل روڑ کوبند کردیاگیا۔ادھرمطلع ابرآلودرہنے کے بیچ کشمیروادی میں جمعرات کودوپہر کے بعد کہیں ہلکی بارشوں توکہیں ہلکی برف باری کاسلسلہ شروع ہوگیا۔سری نگرمیں لالچوک اوراسکے نواحی علاقوں بشمول شہرخاص میں وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی جبکہ بمنہ اوراسکے نواحی علاقوں میں ہلکی برف باری شروع ہوگئی ۔بڈگام کے کئی علاقوں سے بھی تازہ برف وباراں ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں ۔اُدھر شمالی کشمیرسے ملنے والی اطلاعات کے مطابق بارہمولہ ،کپوارہ اور بانڈی پورہ اضلاع میں بیشتر مقامات پر دوپہر کے بعد بارشوں کیساتھ ساتھ ہلکی برف باری کاسلسلہ شروع ہوگیا ،اوروقفے وقفے سے برف وباراں کایہ تازہ سلسلہ جاری تھا۔مقامی لوگوںنے بتایاکہ بارہمولہ ،سوپور ،کپوارہ اورہندوارہ کے علاوہ دیگر مقامات پر جمعرات کی شام تک کہیں ایک انچ توکہیں اسے زیادہ برف جمع ہوگئی تھی اور ہلکی برف باری کاسلسلہ جاری تھا۔بانڈی پورہ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق گریز میں تازہ برف باری ہورہی ہے جبکہ کپوارہ کوکرناہ سے ملانے والی شاہراہ پر واقع اونچے مقام سادھنا ٹاپ سمیت اس ضلع کے کئی دیگربالائی علاقوں بشمول مژھل سے بھی تازہ برف باری ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں ۔سادھناٹاپ پر کم سے کم 6انچ تازہ برف باری ہونے کے بعدخونی نالے کے نزدیک دونوں اطراف سے آنے والی گاڑیوںکوروک دیاگیا۔حکام نے بتایاکہ شاہراہ پر جمع ہوئی تازہ برف باری کوہٹانے کیلئے مشینوںکوکام پر لگایاجارہاہے ۔انہوںنے بتایاکہ شاہراہ صاف ہونے اورموسمی صورتحال بہتر ہونے کی صورت میں ہی کپوارہ ،کرناہ شاہراہ پر گاڑیوںکوچلنے کی اجازت دی جائیگی ۔اس دوران معلوم ہواکہ کرناہ کے میدانی اورنچلے علاقوں میں بارشوں اور بالائی مقامات پر برف باری کاسلسلہ جاری ہے ۔ادھر سری نگر کے علاوہ بڈگام اور گاندربل اضلاع میں بھی جمعرات کوبعددوپہر سے موسم نے کروٹ بدلی اور وسطی کشمیر کے تینوں اضلاع میں برف وباراں کاتازہ سلسلہ وقفے وقفے سے جاری تھا۔دریں اثناء جنوبی کشمیر سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق وہاں بھی آسمان پر بادل چھائے ہوئے تھے ،اوربرف باری یابارشیں شروع ہونے کے آثار دکھائی دے رہے تھے ۔یادرہے محکمہ موسمیات کے علاقائی مرکزکے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے بدھ کوکہاتھاکہ جموں وکشمیر میں 29اور30دسمبر کوکہیں کہیں اعتدال پسند برفباری کا امکان ہے تاہم انہوںنے ساتھ ہی کہاکہ 5 جنوری2023 تک کسی بڑی برفباری کی کوئی پیش گوئی نہیں ۔نامور ماہر موسمیات اور سری نگرمیں قائم ہندوستانی محکمہ موسمیات کے علاقائی مرکز کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے بدھ کواپنے ایک تازہ ٹویٹ میں کہاکہ جموںکیساتھ ساتھ کشمیروادی میں بھی گہری دُھند پائی جاتی ہے ۔انہوںنے کہاکہ 29دسمبر کی شام سے30دسمبر کے دوران کچھ مخصوص مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی سے اعتدال پسند برفباری کا70فیصد امکان ہے۔انہوںنے ساتھ ہی کہاکہ5 جنوری تک جموں وکشمیرمیں کسی بھاری برفباری کی کوئی پیش گوئی نہیں ہے۔سونم لوٹس کاٹویٹ میں کہناتھاکہ اگرچہ، کسی بڑی برف باری کی کوئی پیشین گوئی نہیں ہے لیکن ہلکی برف باری اور منجمد درجہ حرارت سے نیچے سونمرگ،زوجیلا، سن تھن ٹاپ، گریزبانڈی پورہ وغیرہ راستوںپر سطحی نقل و حمل میں عارضی خلل پڑ سکتا ہے۔