محکمہ سیاحت کی جانب سے گلمرگ کے کنگ ڈوری میں ثقافتی پروگرام کا اِنعقاد

سیاحوں کے تجربے کو تقویت دینے کیلئے آنے والے دنوں میں بہت سے ثقافتی اور مہم جوئی ایونٹوں کا منصوبہ بنایا گیا ہے ۔ ناظم سیاحت

گلمرگ / / ڈائریکٹوریٹ آف ٹوراِزم کشمیر نے جموںوکشمیر کیبل کار کارپوریشن کے اِشتراک سے کنگ ڈوری میں ایک دلکش ثقافتی پروگرام کا اِنعقاد کیا۔قابل ذکر ہے کہ کنگ ڈوری گلمرگ گنڈولہ کے پہلے مرحلے کا اختتامی مقام ہے۔فنکاروں اور گلوکاروں نے کچھ روح پرور اور دِلکش موسیقی کی پرفارمنس پیش کر کے سامعین کی توجہ اَپنی طرف مبذول کی۔تقریب کی سب سے بڑی توجہ سیاحوں اور لوگوں کی بڑی تعداد کی شرکت تھی جنہوں نے مشہور بالی ووڈ اور کلاسکی گیتوں پر گایا اور رقص کیا جسے حاضرین اور سامعین نے پُرجوش انداز میں سراہا۔اِس مو قعہ پ ڈائریکٹر سیاحت کشمیرومنیجنگ ڈائریکٹر جے اینڈ کے کیبل کارکارپوریشن راجا یعقوب فاروق ، محکمہ سیاحت اور جے اینڈ کے کیبل کارکارپوریشن کے اَفسران ، باہر سے آنے والے سیاح اور مقامی شراکت داروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔اس موقعہ پر راجایعقوب فاروق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کی یہ کوشش رہی ہے کہ سیاحوں کو ثقافتی، ضیافتیں، تفریح، ایڈونچر اور سیاحت کے دیگر شعبوں میں نئے اور متنوع تجربات فراہم کر کے ان کے تجربات کو مزید تقویت بخشے۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس کا مقصد یہ ہے کہ ان کے یہاں قیام کو یادگار اور خوشگوار بنایا جائے تاکہ وہ دوبارہ آئیں اور دوسروں کو بھی کشمیر آنے پر آمادہ کریں۔ڈائریکٹر ٹورازم نے کہا کہ آنے والے موسم سرما کے پیش نظر محکمہ نے آنے والے دنوں کے لئے بہت سی ثقافتی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کی ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ محکمہ کی جانب سے کئی مہم جوئی اور برفباری سے متعلق سرگرمیوں کی بھی منصوبہ بندی کی گئی ہے ۔