سری نگر کے امام بارگاہوں اور مذہبی مقامات کا دورہ اور تیاریوں کا جائزہ لیا
سری نگر//نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمارچودھری نے سری نگر کے متعدد شیعہ اکثریتی علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور آئندہ ماہ محرم الحرام کے پُر امن اور احسن اِنعقاد کے لئے کی جانے والی تیاریوں کا جائزہ لیا جاسکے۔اُنہوں نے ایک روزہ دورے کے دوران مختلف امام بارگاہوں اور اہم مذہبی مقامات کا معائینہ کیا جن میں زڈی بل میں میر شمس الدین عراقی ؒکی درگاہ، تاریخی امام بارہ زڈی بل اور امام بارہ حسن آباد شامل ہیں۔نائب وزیراعلیٰ نے مقدس مہینے کے دوران عزاداروں اور عقیدت مندوں کے لئے فراہم کی جانے والی سہولیات اور خدمات کا جامع جائزہ لیا۔ اِس موقعہ پر وزیر اعلیٰ کے ہمراہ رُکن قانون ساز اسمبلی حضرت بل سلمان علی ساگر اورممبر اسمبلی زڈی بل تنویر صادق بھی تھے۔دورے کے دوران اُنہوںنے امام بارہ گلشن باغ، باغوان پورہ، لال بازار کے نواب باغ اور بوٹہ کدل کا بھی دورہ کیااور اُنہوں نے وہاں مقامی نمائندوں اور رہائشیوں سے ملاقات کر کے جاری تیاریوں کے بارے میں روبرو رائے حاصل کی۔نائب وزیراعلیٰ نے معائینوں کے دوران متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ محکمانہ ہم آہنگی کو یقینی بنائیں اوربلا تعطل صحت خدمات، پینے کے پانی کی فراہمی، بجلی، صفائی، سڑک رابطے، سٹریٹ لائٹس اور دیگر بنیادی شہری سہولیات کے لئے تمام ضروری اِنتظامات کریں۔اُنہوں نے کہا،’’تمام متاثرہ علاقوں میں باقاعدگی سے پانی کے ٹینک تعینات کئے جائیں تاکہ محرم الحرام کی مجالس کے دوران لوگوںکو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔‘‘نائب وزیر اعلیٰ نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ چوبیس گھنٹے تیار رہیں اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لئے مؤثر شکایت ازالہ نظام قائم کریں۔دورے کے دوران مختلف محکموں کے سینئر افسران بھی نائب وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے اور انہوں نے متعلقہ علاقوں میں جاری اِنتظامات اور ترقیاتی کاموں کے بارے میں نائب وزیر اعلیٰ کو تفصیلی جانکاری دِی۔سریندر کمار چودھری نے لوگوں کو یقین دِلایا کہ حکومت جموں و کشمیر میں محرم الحرام کے اِنعقاد کے لئے مناسب سہولیات اور سازگار ماحول کی یقینی بنانے کے لئے پوری طرح پُر عزم ہے۔بعد میں نائب وزیر اعلیٰ نے صورہ علاقے کا دورہ کیا اور دونی باغ۔صورہ روڈ چوڑا کرنے کے منصوبے سمیت اہم بنیادی ڈھانچے کے کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ کام کی رفتار میں رکاوٹ بننے والی تجاوزات اور دیگر مسائل کو فوری طور پر دور کیا جائے اور عوام کے لئے ٹریفک کی روانی اور بہتر رابطہ یقینی بنایا جائے۔اُنہوں نے حضرت بل اور زڈی بل علاقوں میں جاری سٹی گیٹ وے ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور معیار کے اعلیٰ ترین پیمانوں کو برقرار رکھتے ہوئے ان کی بروقت تکمیل پر زور دیا۔










