سری نگر//وزیر برائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی و پنچایتی راج، اِمدادِ باہمہ اور الیکشن محکمہ جات جاوید احمد ڈار نے آج جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے متعدد وفود اور اَفراد سے ملاقات کی اور ان کے مسائل، شکایات اور ترقیاتی مسائل بغور سُنا۔ دورانِ ملاقات وزیرموصوف نے وفود اور افراد کی طرف اُٹھائے گئے مسائل کو سنے جن میں سڑکوں کی بلیک ٹاپنگ اور اَپ گریڈیشن، شہری سہولیات میں بہتری، بنیادی ڈھانچے میں اِضافہ، ملازمت سے متعلق معاملات، پنشن کے معاملات، روزگار کے مسائل اور عوامی بہبود کے دیگر مسائل شامل ہیں۔وزیر جاوید ڈار نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ عوام کی حقیقی شکایات کا فوری جائزہ لیا جائے اور مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق اُن کا بروقت اَزالہ یقینی بنائیں۔جونیئر رورل سٹیورڈز (جے آر ایس) کے ایک وفد نے بھی وزیر سے ملاقات کی اور اَپنی ملازمت سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد نے بالخصوص مختلف دیہی ترقیاتی پروگراموں کی عمل آوری میں بڑھتی ہوئی ذِمہ داریوں کے پیش نظر ماہانہ وظیفے میں اِضافے کی درخواست کی۔وزیر موصوف نے وفد کی بات بغورسننے کے بعد جونیئر رورل سٹیورڈز کے دیہی نظم و نسق کو مضبوط بنانے اور ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر عمل آوری میں اہم کردار کو سراہا۔ اُنہوں نے یقین دِلایا کہ ان کے جائز مطالبات کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جائے گا اور مناسب کارروائی کرتے ہوئے ان کے مسائل کے اَزالے کی کوشش کی جائے گی۔










