سری نگر//جموں وکشمیرمیں بھارتیہ جنتا پارٹی کومزید متحرک اورفعال کرنے کیلئے مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ کا2روزہ دورہ جموں وکشمیر ماہ ستمبر کے آخرتک متوقع ہے ،جس دوران موصوف جموںمیں 2اورکشمیرمیں ایک عوامی ریلی سے خطاب کریں گے ۔معلوم ہواکہ اپنے2روزہ دورے کے دوران مرکزی وزیرداخلہ جموں وکشمیرکی سلامتی صورتحال کاجائزہ لینے کیساتھ ساتھ یہاں جاری مرکزی اسکیموں اورمختلف ترقیاتی کاموں کی عمل آوری نیز پیش رفت کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کریں گے ۔جے کے این ایس کے مطابق بھاجپا لیڈروںکاحوالہ دیتے ہوئے ایک میڈیا رپورٹ میں بتایاگیاہے کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ ستمبر کے آخر تک2 دن کیلئے جموں و کشمیر کا دورہ کریں گے ،اوروہ یہاں قیام کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے تین ریلیوں سے خطاب کریں جن میں جموں ڈویڑن میں2 اور وادی کشمیر میں ایک ریلی شامل ہے۔رپورٹ کے مطابق باور کیاجاتا ہے کہ وزیر داخلہ نے اس دورے کے لئے اپنی رضامندی دے دی ہے۔ اب، تاریخوں اور دورے کے پروگرام کا تعین بی جے پی کی جے اینڈ کے یونٹ اورامت شاہ کے دفتر کے ذریعے کیا جائے گا۔ توقع ہے کہ تاریخوں کا جلد اعلان کیا جائے گا۔بھاجپا لیڈروں نے مزید کہا کہ امت شاہ جموں و کشمیر میں تین بڑی سیاسی ریلیوں سے خطاب کریں گے، جن میں سے2جموں خطہ میں ہوں گے جن میں ایک جموں سٹی میں اور ایک دوسرے اضلاع میں ہے جسے پارٹی حتمی شکل دے گی۔ ایک ریلی کشمیر ڈویڑن کیلئے مختص کی گئی ہے۔انہوںنے کہاکہ مجوزہ ریلیوں کا مقصد جموں اور کشمیر میں بی جے پی کی سیاسی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہوگا کیونکہ یہاں اس سال اسمبلی انتخابات ہونے کا امکان نہیں ہے۔جموں وکشمیر میں قیام کے دوران مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ بھاجپاکی جموں وکشمیر شاخ کے سینئر لیڈروں کیساتھ بھی میٹنگیں کریں گے ،جن میں آئندہ کے لائحہ عمل پر غوروخوض ہونے کاامکان ہے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ سرگرمیاں وزیر داخلہ کے سرکاری شیڈول کے علاوہ ہوں گی جس میں یونیفائیڈ کمانڈ سمیت سیکورٹی ایجنسیوں کے اعلیٰ حکام کیساتھ سیکورٹی جائزہ ملاقاتیں اور بعض سرحدی علاقوں کا دورہ شامل ہو سکتا ہے۔امکان ہے کہ وزیر داخلہ امت شاہ دورہ کے دوران جموں ا ور کشمیر ڈویڑنوں میں ایک ایک دن قیام کریںگے۔خیال رہے یہ مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ کا اس سال جموں و کشمیر کا دوسرا دورہ ہوگا۔ انہوں نے 18 اور 19 مارچ کو یونین ٹیریٹری کا دورہ کیا جس کے دوران انہوں نے سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے یوم تاسیس میں شرکت کی۔انہوں نے گزشتہ سال 23 سے 26 اکتوبر تک جموں و کشمیر کا 4 روزہ دورہ کیا، جو کہ5 اگست2019 کو سابقہ ریاست جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد یونین ٹیریٹری کاموصوف کا پہلا دورہ تھا۔










