لیفٹیننٹ گورنر نے گاندھی میموریل کالج سری نگر کی گورننگ بورڈ میٹنگ کی صدارت کی

لیفٹیننٹ گورنر نے گاندھی میموریل کالج سری نگر کی گورننگ بورڈ میٹنگ کی صدارت کی

سر ی نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے لوک بھون میں گاندھی میموریل کالج سری نگر کے نئے تشکیل شدہ گورننگ بورڈ کی تعارفی میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ خزانہ شیلندر کمار، کمشنرسیکرٹری محکمہ اعلیٰ تعلیم رام نواس شرما، کمشنرسیکرٹری محکمہ قانون، اِنصاف و پارلیمانی امور اچل سیٹھی، ڈائریکٹر کالجز پروفیسر (ڈاکٹر) ایس اعجاز بشیر، صدر ہندو ایجوکیشن سوسائٹی کشمیر پروفیسر بی ایل زتشی، دیگرممبران بشمول پروفیسر اشوک آئمہ، پروفیسر وینا پنڈیتا، پروفیسر وریندر راول، وی کے رینہ، ایم کے جلالی، ڈین اکیڈمک افیئرزکشمیر یونیورسٹی پروفیسر شریف الدین پیرزادہ، ڈین کالج ڈیولپمنٹ کونسل کشمیر یونیورسٹی پروفیسر (ڈاکٹر) انیسہ شفیع، پرنسپل گاندھی میموریل کالج پروفیسر مسعود احمد ملک اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر کی صدارت میں منعقدہ گورننگ بورڈ میٹنگ میں کالج کی مجموعی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لئے تعلیمی اور اِنتظامی اہمیت کے مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے اِدارے کے اِنتظامی اور عملی ڈھانچے کو مزید مؤثر اور منظم بنانے کے لئے ایک جامع پالیسی مرتب کرنے کی ہدایت دی۔میٹنگ میں گورننگ بورڈ کے بزنس رولزکو اَپنانے، جی ایم کالج آف ایجوکیشن بنتلاب جموں کے لئے گرانٹ اِن ایڈ، بھرتی کے عمل کو مزید شفاف اور منظم بنانے، سال 2002 سے موجودہ عملے اور ریٹائرڈ ملازمین کے لئے پنشن کے فوائد کی فراہمی، کیمپس کے بنیادی ڈھانچے کی توسیع، موجودہ نصاب پر نظرثانی اور قومی تعلیمی پالیسی (این اِی پی) سے ہم آہنگ نئے کورسوں کو متعارف کرنے جیسے امور پر بھی تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔