لیفٹیننٹ گورنر نے ٹنگڈار کپواڑہ میں ایس ایم ہِل پر ’ شوریہ گاتھا‘ کمپلیکس کا اِفتتاح کیا

سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے ضلع کپواڑہ کے کرناہ ٹنگڈارمیں ایس ایم ہِل پر ’شوریہ گاتھا‘ کمپلیکس کا اِفتتاح کیا۔ یہ اقدام بارڈر ٹوراِزم، ورثے کے تحفظ اور سرحدی علاقوں کی ترقی کے فروغ میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوا ہے۔اُنہوںنے ناردرن کمانڈ، چنار کور، تمام اَفسران، فوجیوں، اِنجینئروں، کارکنوں اور مقامی باشندوں کو اس باوقار منصوبے کو قلیل مدت میں مکمل کرنے پر سراہا۔ اُنہوں نے کہا کہ ہمارے بہادرسپاہیوں نے مادرِ وطن کے دِفاع کے لئے اَپنی جانیںقربان کیں اور ان کی شجاعت،ہمت اور قربانی کو ہر ہندوستانی میں فخر اور تحریک کا ایک طاقتور ذریعہ بننا چاہیے۔لیفٹیننٹ گورنرنے کہا، ’’ہماری افواج اور عوام کی لگن ہی قوم کی اصل طاقت ہے۔ شوریہ گاتھا کمپلیکس ہندوستانی فوجیوں کی بہادری اور قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہے۔ اِس اقدام سے سرحدی علاقوں اور بارڈرٹوراِزم ، ہوم سٹے، مقامی دستکاری اور نوجوانوں کی کاروباری سرگرمیوں کے لئے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔‘‘اُنہوںنے لائن آف کنٹرول کے اِس طرف ترقی اور غیر قانونی طور پر پاکستان کے زیرِ قبضہ کشمیر میں حالات کے درمیان واضح فرق کو بھی اُجاگر کیا اور کہاکہ جموں و کشمیر اَمن، ترقی اور خوشحالی کے دور سے گزر رہا ہے جبکہ پی او کے بدستور نظر اَندازی اور بداِنتظامی کا شکار ہے۔ اُنہوں اِس بات کا اعادہ کیا کہ جموں و کشمیرہندوستان کا اٹوٹ انگ تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ لیفٹیننٹ گورنرنے کہا، ’’جموں و کشمیر ہر شعبے میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ عوام میں خود اعتمادی کا نیا جذبہ پیدا ہوا ہے اور معاشرہ پہلے سے زیادہ خوشحال اور پُر اَمن ہے۔‘‘اُنہوں نے مزید کہا کہ اِنتظامیہ سرحدی علاقوں کی ترقی کے لئے پُرعزم ہے۔اُنہوں نے مشاہدہ کیا کہ بھارت رن بھومی درشن اقدام کے تحت بہادری کے مقامات کو فروغ دینے سے ٹنگڈار۔کرناہ خطے میں معاشی ترقی اور خوشحالی آئے گی ،نیز اس خطے کی دفاعی تاریخ اور ثقافت کو بھی اُجاگر کیا جائے گا۔
منوج سِنہانے کہاکہ ٹنگڈار، کرناہ کے سات دیہات کو وائبرنٹ وِلیج پروگرام کے تحت شامل کیا گیا ہے جس سے بہتربنیادی ڈھانچے، روزگار کے مواقع اور معیارِ زِندگی یقینی بنایا جائے گا۔اُنہوں نے سادھنا ٹنل کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہر موسم میں رَسائی فراہم کر کے اور تجارت، تعلیم، صحت اور آفات سے نمٹنے میں سہولیت دے کر خطے میں رابطہ، سلامتی اور معاشی سرگرمیوں کو نمایاں طور پر بہتر بنائے گی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا، ’’میں ملک بھر کے شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ شوریہ گاتھا کمپلیکس کا دورہ کریں اور کپواڑہ کے منفرد سیاحتی مقامات پر اَپنی تعطیلات گزارنے کا منصوبہ بنائیں۔‘‘اُنہوںنے ’نشہ مُکت جموں و کشمیر مہم ‘میں فوج کے اہم کردار کو بھی سراہا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا، ’’ٹنگڈار ایک اہم سٹریٹجک مقام ہے جہاں ہمارا پڑوسی مسلسل نارکو سمگلنگ کی سرگرمیاں بڑھانے کی کوشش کرتا ہے۔خطے میں فوج کی طرف سے ہوائی اڈے جیسی سہولیت کی تعمیر ہماری اِنسدادِ منشیات مہم میں ایک اہم اثاثہ ثابت ہوگی۔‘‘اُنہوںنے پولیس محکمہ اور سیکورٹی فورسز پر زور دیا کہ وہ اعلیٰ ترین سطح کی چوکسی برقرار رکھیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ہماری نگرانی کو فول پروف ہونا چاہیے تاکہ کوئی بھی غیر قانونی منشیات ہماری سرزمین میں داخل نہ ہو سکے۔لیفٹیننٹ گورنرنے عوام بالخصوص سکولی طلبا ٔکا’نشہ مُکت جموں و کشمیر مہم ‘کی بھرپور حمایت پر تہہ دل سے شکریہ اَدا کیا۔اِفتتاحی تقریب میں جنرل آفیسر کمانڈِنگ اِن چیف (جی او سی اِن سی) ناردرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما،جی او سی چنار کورلیفٹیننٹ جنرل بلبیر سنگھ، رُکن قانون ساز اسمبلی کرناہ جاوید احمد مرچال، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اشونی کمار،جی او سی 28 اِنفنٹری ڈویژن میجر جنرل راکیش نائر، کمانڈر شکتی وجے بریگیڈ بریگیڈیئر دھرمیندر یادو اور فوج، سول اِنتظامیہ، پولیس و سیکورٹی فورسز کے سینئر اَفسران نے شرکت کی۔