کہا، آج یاترا کو شروع ہوئے 15دِن مکمل ہوگئے ہیںاور ان 15دنوں میںزائد اَز 3.50 لاکھ یاتریوں نے بابا بھولے ناتھ کے درشن کئے ہیں
سری نگر//لیفٹیننٹ گورنرمنوج سِنہانے جمعہ کے روز نون وَن بیس کیمپ کا دورہ کیا اور شری امرناتھ جی یاترا کے یاتریوں کے لئے فراہم کی گئی سہولیات کا معائینہ کیا۔اُنہوں نے بیس کیمپ میں سینئر حکام کے ساتھ ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی جس میں یاتریوں کو فراہم کی جانے والی بنیادی سہولیات جن میں پینے کا پانی، بجلی، ٹیلی کمیونی کیشن کنکٹویٹی، رہائش، خوراک، صحت سہولیات، ایمرجنسی خدمات اور سیکورٹی شامل ہیں، کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اُنہوں نے یاترا رجسٹریشن کاؤنٹر کا بھی معائینہ کیا اور رجسٹریشن کے عمل کا جائزہ لیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ وہ یاتریوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لئے مشن موڈ میں کام کریں۔اُنہوں نے کہا،‘‘آج یاترا کو شروع ہوئے 15 دن مکمل ہو گئے ہیں اور ان 15 دنوں میں3.50 لاکھ سے زیادہ عقیدت مندوں نے بابا بھولے ناتھ کے درشن کئے ہیں۔ بھگوان شیو کے آشیروادسے یاترا بخوبی جاری ہے۔ ملک کے ہر کونے سے آنے والے عقیدت مندوں میں زبردست جوش و خروش پایا جاتا ہے جبکہ مقامی باشندے اور خدمات فراہم کرنے والے بھی اس یاترا کو کامیاب بنانے میں بھرپور کردار اَدا کر رہے ہیں۔‘‘منوج سِنہانے اَفسران کو ہدایت دی کہ ماحولیات کے مکمل تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے دونوں یاترا راستوں اور تمام کیمپوں میں خصوصی صفائی مہم چلانے کی بھی ہدایت دی۔اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ یاتریوں سے باقاعدگی کے ساتھ فیڈ بیک حاصل کریں اور ان کی جانب سے پیش آئے مسائل کا فوری ازالے کو یقینی بنائیں۔ اُنہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ یاتریوں کو فراہم کی جانے والی تمام خدمات شفافیت کو یقینی بنانے اور اوور چارجنگ کو روکنے کے لئے صد فیصد پری پیڈ سسٹم پر سختی سے عمل کریں۔لیفٹیننٹ گورنر نے آنے والے دِنوں میں موسلاد ھار بارش کی پیش گورئی کے پیش نظر اِنتظامیہ اور تمام متعلقہ اداروں کو مکمل طور پر مستعد رہنے، ایمرجنسی اقدامات کو مزید مضبوط بنانے اور ہر صورت میں یاتریوں کی حفاظت، سلامتی اور سہولیت کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے کہاکہ ہر خیمے میں آگ بجھانے کا لازمی آلہ ہونا چاہیے۔دورے کے دوران اُنہوں نے یاتریوں سے بات چیت کی اور یاترا کے دوران ان کے تجربات کے بارے میں دریافت کیا۔ یاتریوں نے اِنتظامات پر اطمینان کا اِظہار کرتے ہوئے صفائی، حفظانِ صحت، سیکورٹی، رہائشی سہولیات اور یاترا پر مامور اہلکاروں کی بے مثال خدمات کو سراہا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران بنیادی ڈھانچے اور یاتریوں کی سہولیات کی توسیع عقیدت مندوں کے تاثرات سے مثبت طور پرظاہر ہوئی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ ان ترقیاتی اقدامات کے ساتھ ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ ہر یاتری بغیر کسی رکاوٹ کے ان سہولیات تک رسائی حاصل کر سکے۔اُنہوںنے دکانداروں، خدمات فراہم کرنے والوں، لنگر سیواداروں اور رضاکاروں سے بھی بات چیت کی اور بابا برفانی کے عقیدت مندوں کی یاترا کو کامیاب اور آسان بنانے میں ان کی گرانقدر خدمات کی ستائش کی۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے میڈیا اَفراد سے بات کرتے ہوئے کہا، ’’جموں و کشمیر اِنتظامیہ، پولیس، فوج، سیکورٹی فورسز، شرائین بورڈ اور دیگر تمام شراکت داروںکے باہمی اشتراک اور مؤثر ہم آہنگی کے باعث اس سال کی یاترا کے اِنتظامات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ یاتریوں کی جانب سے موصول ہونے والا ردِّعمل انتہائی حوصلہ افزا ہے۔ یہ یاترا جموں و کشمیر کی معیشت کو بھی اہم تقویت فراہم کر رہی ہے۔ مزید برآں،وزیر اعظم نریندر مودی جی کی جانب سے یاتریوں کو مقامی مصنوعات خریدنے کی اپیل کے بعد بڑی تعداد میں عقیدت مند ہینڈلوم، دستکاری اور دیگر مقامی مصنوعات خرید رہے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ آنے والے دنوں میںاس یاترا کو ایک واقعی یادگار اور تاریخی یاترا کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔‘‘اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر کے ہمراہ اِنسپکٹر جنرل پولیس کشمیر وی کے بردی، انسپکٹر جنرل پولیس ٹریفک جموں و کشمیر ایم سلیمان چودھری، انسپکٹر جنرل پولیس سیکورٹی سجیت کمار سنگھ، پہلگام محور کے نوڈل آفیسرڈاکٹر شاہد اقبال چودھری، صوبائی کمشنر کشمیر انشل گرگ، ڈِی آئی جی جنوبی کشمیر رینج جاوید اقبال متو،ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ، ایس ایس پی اننت ناگ امود ناگپورے اشوک، ڈائریکٹر جنرل رورل سینٹی ٹیشن انو ملہوترا، شرائین بورڈ، سول اِنتظامیہ، پولیس اور سیکورٹی فورسز کے سینئر اَفسران بھی تھے۔










