لیفٹیننٹ گورنر نے سری نگر میں الفا ہاکی اِنٹر سکول ٹورنامنٹ کی اِختتامی تقریب میں شرکت کی

کہا،ہمارا مقصد ہے کہ آنے والے برسوںمیں زیادہ سے زیادہ سکول اور نوجوان کھلاڑی ہاکی کو اَپنائیں اور جموں کشمیر کو عالمی معیار کی ہاکی صلاحیتوں کی آماجگاہ بنائیں

سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے جمعرات کے روز پولو گراؤنڈسری نگرمیں سنتھیٹک ہاکی آسٹرو ٹرف پر الفا(اے ایل ایف اے)ہاکی اِنٹر سکول ٹورنامنٹ ۔2026 کی اِختتامی تقریب میں شرکت کی۔اِس ٹورنامنٹ میں کپواڑہ ، بانڈی پورہ ،کولگام اور شوپیان سمیت مختلف اضلاع کے 32 سکولوں کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے خطاب میں ٹورنامنٹ کے دوران غیر معمولی صلاحیتوں اور مہارت کا مظاہرہ کرنے پر تمام فاتحین اور شرکأکو مُبارک باد دِی۔اُنہوں نے جموں و کشمیر سپورٹس کونسل، بادل ہاکی کلب اور ہاکی جموں و کشمیر کی مشترکہ کاوشوں کو سراہا جنہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کے جذبے اور شوق کو اُجاگر کرنے کے لئے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’یہ ٹورنامنٹ صرف سکور بورڈ تک محدود نہیں تھابلکہ اس نے ہمارے باصلاحیت بچوں کو اپنی حقیقی کھیلوں کی صلاحیتوں کا ادراک کرنے کے لئے ایک تبدیلی کا مرحلہ فراہم کیا۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران جموں و کشمیر میں ہاکی کے کھیل میں ایک غیر معمولی تبدیلی دیکھی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے ، نچلی سطح پر مقابلوں اور عوامی شمولیت میں کی گئی سرمایہ کاری نے پورے یونین ٹیریٹری میںاِس کھیل کی مقبولیت کو بڑھانے میں اہم کردار اَدا کیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’ہمارا مقصد ہے کہ آنے والے برسوں میں زیادہ سے زیادہ سکول اور نوجوان کھلاڑی ہاکی کو اَپنائیں اورجموں کشمیر کو عالمی معیار کی ہاکی صلاحیتوں کی آماجگاہ بنائیں۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ ہم جموں کشمیر میں ٹیلنٹ پائپ لائن بنا رہے ہیں جو ایک کھلاڑی کے سکول کی سطح سے علاقائی سطح اور قومی سطح تک کے سفر کو یقینی بنائے گی۔ حالیہ برسوں میں سری نگر کے پولو ویو، پلوامہ اور پونچھ میں سنتھیٹک ہاکی ٹرف کی تعمیر نے شہروں، سرحدی اَضلاع اور دُور دراز علاقوں کے نوجوان کھلاڑیوں کے لئے نئی راہیں کھول دی ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ جموں میں بندھو راکھ اور کے کے ہکو سٹیڈیم میں جدید ترین سنتھیٹک ہاکی ٹرف اس وقت زیرِ تعمیر ہیں۔یہ منصوبے جدید تربیت، خصوصی کوچنگ کیمپس اور صلاحیتوں کی مؤثر نشاندہی کے پروگراموں کی گنجائش کو نمایاں طو رپر بڑھائیں گے اورمستقبل کے قومی کھلاڑیوں کے لئے مضبوط بنیاد فراہم کریں گے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت نوجوان صلاحیتوں کو آگے بڑھنے اور وِکست بھارت کی تعمیر میں اَپنا کردار اَدا کرنے کے لئے مواقع اور وسائل فراہم کرنے کی مسلسل کوشش کر رہی ہے۔اُنہوں نے کہا،’’ ہمارے نوجوانوں نے رانجی ٹرافی چمپئن شپ سے لے کر ’نشہ مُکت جموں و کشمیر‘ مہمات تک مختلف میدانوں میں اَپنی غیر معمولی لگن ثابت کی ہے۔ مجھے ان کے جذبے پر فخر ہے اور میں چاہتا ہوں کہ قوم سازی میں ہمارے نوجوانوں کا کردار بے مثال ہو۔‘‘ اِس موقعہ پر وائس چانسلر کلسٹر یونیورسٹی سری نگرپروفیسر محمد مبین، کمشنر سیکرٹری اَمورِ نوجوان و کھیل کود ڈاکٹر شاہد اِقبال چودھری، ڈِی آئی جی سی کے آر راجیو اوم پرکاش، ایس ایس پی سری نگر ڈاکٹر جی وی سندیپ چکرورتی،ضلع ترقیاتی کمشنر سر ی نگر اَکشے لابرو ، سیکرٹری جموں و کشمیر سپورٹس کونسل نزہت گل، صدربادل ہاکی کلب سردار ہرمیت سنگھ ساسن اور دیگر اراکین، سینئر افسران، کھیلوں کی نامور شخصیات، کوچز، مختلف سکولوں کے طلبأ اور اَساتذہ بھی موجود تھے۔