لیفٹیننٹ گورنر نے حضرت بل درگاہ کا دورہ کیا اور عیدالاضحی کی تیاریوں کا جائزہ لیا

سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے حضرت بل درگاہ کا دورہ کیا اور آنے والی تقریب سعید عیدالاضحی کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر کے ہمراہ چیئرپرسن جموں و کشمیر وقف بورڈ ڈاکٹر سیّد درخشاں اندرابی، امام و خطیب حضرت بل درگاہ مفتی ریاض الحق،صوبائی کمشنر کشمیر انشل گرگ، ڈِی آئی جی سی کے آر راجیو اوم پرکاشن، ایس ایس پی سری نگر ڈاکٹر جی وِی سندیپ چکرورتی، ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر اَکشے لابرو، میونسپل کمشنر سری نگر فضل الحسیب اور مختلف محکموں کے اَفسران موجود تھے۔دورے کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے عید الاضحی کی تقریب سعید کے پُرامن اِنعقاد کے لئے پانی کی فراہمی، صفائی ستھرائی، بجلی اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیا ۔ اُنہوں نے سینئر اَفسران کو ہدایت دی کہ تمام اِنتظامات پوری تندہی کے ساتھ مکمل کئے جائیں۔اُنہوں نے کہا،’’یہ تہوار ہمیں عاجزی اور خیرات کے فضائل کی یاد دِلاتا ہے جو ہمیں اِنسانیت کی عظیم تر بھلائی کے لئے خود کو وقف کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔ ہم اِس بات کو یقینی بنائیں گے کہ یہ تقریب نہ صرف بہترین انداز میں منظم ہو بلکہ عقیدت اور جوش و خروش کے ساتھ شایانِ شان طریقے سے منائی جائے۔‘‘اِس موقعہ پر روحانی رہنمائوں، وقف بورڈ کے اہلکار، پولیس و سول اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران اور ممتاز شہری بھی موجود تھے۔