لیفٹیننٹ گورنر نے جموں میں ’’ شبد کیرتن ‘‘ میں شرکت کی

صاحبزادو ں ، گوروگوبند سنگھ جی اور ماتا گجری جی کو خراجِ عقیدت پیش کیا

جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج گوردوارہ سنت میلا سنگھ دستکاری آشرم ڈیگیانہ جموں میں ’’ ویر بال دیوس ‘‘ کے موقعہ پر آل جموں وکشمیر سکھ کوآرڈی نیشن کمیٹی کی طرف سے منعقد ’ شبد کیرتن ‘ میں شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے صاحبزادو ں ، گوروگوبند سنگھ جی اور ماتا گجری جی کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور نئی پود پر زور دیا کہ وہ ان کی ہمت ، استقامت اور قربانی سے تحریک حاصل کریں۔لیفٹیننٹ گورنر نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سماج کے ہر طبقے کے لوگوں کو معاشرے کو تبدیل کرنے اور سماجی اقدار کو فروغ دینے میں ہمارے گورو کی تعلیمات کے بارے میں بتایا جانا چاہیے۔اُنہوں نے کہا کہ ’ ویربال دیوس ‘ ہم سب کو ملک کے اِتحاد اور سا لمیت کو برقرار رکھنے اور اَمن اور ہم آہنگی سے ایک دوسرے کے ساتھ رہنے کی ترغیب دے گا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ مساوات ، بھائی چارے اور ہمدردی کے نظر یات کے لئے خود کو وقف کرنے کا دِن ہے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ،’’صاحبزادوں کی مثالی ہمت او رقربانی ، گوروگوبند سنگھ جی کی زندگی اور تعلیمات آنے والے ہر دور میں اِنسانیت کی رہنمائی کرتی رہیں گی۔لوگوں کو زندگی کے تنگ نظر ی سے اوپر اُٹھ کر اِنسانیت پسندی کے راستے پر چلنا چاہیے۔‘‘اُنہوں نے قوم کی تعمیر ، ایک منصفانہ اور مساوی معاشرے کے قیام میں سکھ برادری کے اہم کردار کو بھی اُجاگرکیا۔اُنہوں نے کہا کہ اِس امرت کال کھنڈ میں ہندوستان عالمی سطح پر خود انحصاری اور خود اعتمادی کے ساتھ کھڑا ہے ۔ملک کی ترقی اور خوشحالی میں ان کے بے مثال تعاون کے لئے ہم گوروں اور سکھ برادری کے شکر گزار ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ گوروں کا نظرئیے ہمیشہ ہمیں مزید بلندیوں کو حاصل کرنے کے لئے کام کرنے کی ترغیب دیتا ہے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے سیکھ طبقے کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے سکھ برادری کے مطالبات اور ضروریات پر اِنتہائی حساسیت کے ساتھ مناسب کارروائی کا یقین دِلایا۔اُنہوں نے اعلان کیا کہ آل جموںوکشمیر سکھ کوآرڈی نیشن کمیٹی کی درخواست پر بابا بندہ سنگھ جی بہادر کا مجسمہ جموں کے بھگوتی نگر علاقے میں نصب کیا جائے گا ۔ پونچھ کے ننگلی صاحب کورودوارہ کی تزئین و آرائش کی جائے گی۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ضلعی اِنتظامیہ اور محکمہ سیاحت کو پونچھ میں سکھ ورثے کے مذہبی مقامات کو منصوبہ بندی کے ساتھ فروغ دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہم پنجابی زبان کے فروغ کے لئے پوری طرح پُر عزم ہیں ۔ حکومت نے اکیڈیمی آف آرٹ ، کلچر اینڈ لنگویجز کو ہدایت دی ہے کہ وہ شہریوں کو صاحبزادوں کی قربانیوں کے بارے میں آگاہ کریں اور سکھ گوروں کی لازوال تعلیمات کو عام کریں ۔ اُنہوں نے کہا کہ اِنتظامیہ نے پہلے ہی جموں یونیورسٹی میں گورونانک دیو جی چیئر قائم کی ہے اور سکولی تعلیم میں پنجابی زبان کو فروغ دیا ہے۔اُنہوں نے عوا م کو صاحبزادے کی بہادری ، قربانیوں اور نظریات سے روشناس کرنے کے لئے آل جموںوکشمیر سکھ کوآرڈی نیشن کمیٹی کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔ مہنت منجیت سنگھ نے صاحبزادہ بابا اجیت سنگھ ، بابا جو جھر سنگھ ، بابازورآور سنگھ اور بابافتح سنگھ کی قربانیوں پر بات کی۔اُنہوں نے بابابندی سنگھ جی بہادر کے مجسمے کی تنصیب اور دیگر مسائل کے علاوہ جموںوکشمیر میں پنجابی زبان کے فروغ کی کوششوں سے متعلق سکھ برادری کے مطالبات پر توجہ دینے پر لیفٹیننٹ گورنر کا شکریہ اَد اکیا۔چیئرمین آل جموںوکشمیر سکھ کوآرڈی نیشن کمیٹی ایس اجیت سنگھ نے لیفٹیننٹ گورنر کی قیادت میں یوٹی اِنتظامیہ کا سکھ برادری کے مختلف مسائل کا نوٹس لینے اور ان کے حل کی طرف تیزی سے آگے بڑھنے پر شکریہ اَدا کیا۔اِس موقعہ پر سابق ڈپٹی سی ایم ایس کویندر گپتا ، صدر بی جے پی جموںوکشمیر ایس رویندر رینہ ، سابق قانون ساز دیویندر سنگھ رانا، ڈپٹی میئر جے ایم سی بلدیو سنگھ بلوریا ، سینئر سیاسی و مذہبی رہنما اور سرکردہ شہری موجود تھے۔اِس موقعہ پر اے ڈی جی پی جموں مکیش سنگھ، صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار ، ضلع ترقیاتی کمشنر جموں اونی لواسا ، پولیس او رسول اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران ، سکھ رابطہ کمیٹی کے اَرکان ، سکھ طبقے کے نامور اَفراد اور دانشور بھی وموجود تھے۔