لیفٹیننٹ گورنر منو ج سِنہا نے جموںوکشمیر پولیس کے نئے بھرتی شدہ کانسٹیبلوں میں تقرری نامے تقسیم کئے

لیفٹیننٹ گورنر منو ج سِنہا نے جموںوکشمیر پولیس کے نئے بھرتی شدہ کانسٹیبلوں میں تقرری نامے تقسیم کئے

منوج سِنہانے جموں و کشمیر پولیس پر زور دیا کہ فورس کو مستقبل کے چیلنجوںسے ہم آہنگ بنانے کیلئے ایک واضح حکمت عملی تیار کی جائے

سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے اتوارکو آرمڈ پولیس کمپلیکس زیون میں منعقدہ ایک پُروقار اور اہم تقریب کے دوران جموں و کشمیر پولیس کے نئے بھرتی شدہ کانسٹیبلوں میں تقرری نامے تقسیم کئے۔جموں و کشمیر سروس سلیکشن بورڈ کی جانب سے منعقدہ شفاف اور میرٹ پر مبنی بھرتی عمل کے تحت تقریباً 4,000 نوجوانوں کا اِنتخاب عمل میں لایا گیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے نئے بھرتی شدہ کانسٹیبلوں کو مُبارک باد پیش کرتے ہوئے اُن پر زور دیا کہ وہ اَپنی ذمہ داریاں مکمل دیانت داری، غیر جانبداری اور قومی خدمت کے جذبے اور عزم کے ساتھ اَنجام دیں۔اُنہوں نے جموں و کشمیر پولیس کے شہدأکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جموںوکشمیر کے شہریوں کوحاصل اَمن اور ترقی بہادر پولیس اہلکاروں کی عظیم قربانیوں اور عزم کا نتیجہ ہے۔منوج سِنہانے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس بے لوث خدمت، فرض شناسی، قربانی اور عوامی اعتماد کی علامت ہے اور قانون کی حکمرانی برقرار رکھنے اور انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں میں اَپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے باعث ایک نمایاں مقام رکھتی ہے۔اُنہوں نے داخلی سلامتی کے بدلتے ہوئے منظرنامے پر بھی بات کی اور پولیسنگ آپریشنزمیں آرٹیفیشل اِنٹلی جنس( اے آئی) کے مؤثر اِستعمال پر زور دیا اور جموں و کشمیر پولیس کہاکہ فورس کو مستقبل کے چیلنجوں سے ہم آہنگ بنانے کے لئے ایک واضح حکمت عملی تیار کی جائے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے اِس بات پر زور دیا کہ میدانِ جنگ اَب صرف جغرافیائی سرحدوں تک محدود نہیں رہے بلکہ سائبر کرائم، نارکو ٹیرراِزم ، ڈیجیٹل فراڈ اور بیانیہ جنگ جیسے جدید خطرات روایتی ہتھیاروں کی بجائے ٹیکنالوجی سے بڑھ رہے ہیں۔اُنہوںنے اِس بات کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کی تمام اشکال کا مکمل خاتمہ اور عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ آج دُنیا کے خطرناک مجرم اور دہشت گرد ہمیشہ ہتھیار نہیں اُٹھاتے بلکہ کوڈ، ڈیٹا اور خفیہ نیٹ ورکس کے ذریعے سرحدوں کے پار سرگرم عمل رہتے ہیںجبکہ سائبر کرائم، نارکوٹیرراِزم ، ڈیجیٹل فراڈ اور بیانیہ جنگ جیسے خطرات اَب مستقبل نہیں بلکہ موجودہ دور کی تلخ حقیقت بن چکے ہیں۔اُنہوں نے جموںوکشمیر پولیس کے تمام وِنگوں میں بھرتی ہونے والوں پر زور دیا کہ وہ جدید ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے ان خطرات کا مقابلہ کریں۔تقرری نامے کی تقریب میں چیف سیکرٹری اتل ڈولو، ڈِی جی پی نلین پربھات، پرنسپل سیکرٹری محکمہ داخلہ چندر کربھارتی ، سپیشل ڈِی جی کوآرڈی نیشن پی ایچ کیو ایس جے ایم گیلانی، کمانڈنٹ جنرل ہوم گارڈز عبدالغنی میر، اے ڈِی جی پی ہیڈکوارٹرزایم کے سنہا، پولیس اور سول اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران اور نئی بھرتیوں کے اہلِ خانہ بھی موجود تھے۔