لیفٹیننٹ گورنرنے اعلیٰ سطحی سیکورٹی جائزہ میٹنگ کی صدار ت کی

لیفٹیننٹ گورنرنے اعلیٰ سطحی سیکورٹی جائزہ میٹنگ کی صدار ت کی

سری نگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں چیف سیکرٹری اَتل ڈولو، ڈائریکٹر جنرل پولیس ( ڈِی جی پی) نلین پربھات، پرنسپل سیکرٹری محکمہ داخلہ چندرکر بھارتی، سپیشل ڈی جی کوآرڈی نیشن پی ایچ کیو ایس جے ایم گیلانی، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس سی آئی ڈی نتیش کمار، کمشنرسیکرٹری جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ ایم راجو، آئی جی پیز، صوبائی کمشنروں ، ایس ایس پیز، ضلع ترقیاتی کمشنروں اور دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں اور سینئر سپراِنٹنڈنٹس آف پولیس (ایس ایس پیز) کو ہدایت دی کہ وہ جموں و کشمیر سے باہر کے مزدوروں کے تحفظ کے لئے وضع کردہ معیاری آپریٹنگ طریقۂ کار (ایس او پیز) کا جامع جائزہ لیں۔ اُنہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ تمام آجر اس بات کو یقینی بنائیں کہ ملک کی دیگر ریاستوں اور یونین ٹیریٹریزسے کے تمام مزدوروں کا بیمہ کیا جائے اور ان کی تفصیلات مقامی پولیس اور ضلعی اِنتظامیہ کے پاس باقاعدہ درج ہوں۔اُنہوںنے کہا، ’’ہمیں دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے درست اور مؤثر اِنسدادِ دہشت گردی کاررِوائیوں کو تیز کرنا ہوگا۔‘‘لیفٹیننٹ گورنرنے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ کولگام دہشت گردانہ حملے کے متاثرین کی آخری رسومات کو یقینی بنایا جائے اور سوگوار کنبوںکو ہر طرح کی مدد فراہم کریں۔میٹنگ میں جاری شری امرناتھ جی یاترا کے لئے کئے گئے سیکورٹی اِنتظامات اور سیکورٹی نظام کو مزید مضبوط بنانے کے اَقدامات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔