amit shah

لوک مانیہ تلک نیشنل ایوارڈ 2026 اجیت دوول کے نام،

قومی سلامتی سے متعلق وزیر اعظم مودی کے ہر اہم فیصلے میں این ایس اے کی مشاورت شامل// امیت شاہ

سرینگر// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کے مشیر (این ایس اے) اجیت دوول نے بھارت کی خارجہ پالیسی کو مضبوط بنانے اور قومی سلامتی کے نظام کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے قومی سلامتی سے متعلق کیے گئے ہر اہم فیصلے کے پس منظر میں اجیت دوول کا مشورہ اور کردار شامل رہا ہے۔یو این ایس کے مطابق امت شاہ پونے میں لوک مانیہ تلک نیشنل ایوارڈ 2026 اجیت دوول کو پیش کرنے کے بعد ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 2014 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی کا پہلا اہم فیصلہ اجیت دوول کو قومی سلامتی کا مشیر مقرر کرنا تھا۔انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس بیورو میں طویل خدمات انجام دینے والے اجیت دوول نے این ایس اے کی حیثیت سے کئی اہم حکمت عملیوں کو عملی جامہ پہنایا اور مسلح افواج کی جدید کاری، ٹیکنالوجی کے فروغ، آپریشنل صلاحیت میں اضافے اور دفاعی تیاریوں کو مضبوط بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔امت شاہ نے کہا کہ گزشتہ بارہ برسوں میں مودی حکومت نے بھارت کی دفاعی اور جارحانہ صلاحیتوں میں بنیادی تبدیلیاں کی ہیں، جن میں اجیت دوول کی خدمات اہم رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انٹیلی جنس سے متعلق بہت سے معاملات کی نوعیت ایسی ہے کہ دوول کی تمام خدمات کبھی عوام کے سامنے نہیں لائی جا سکتیں۔انہوں نے لوک مانیہ بال گنگا دھر تلک کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا نعرہ ’’سوراج میرا پیدائشی حق ہے اور میں اسے حاصل کرکے رہوں گا‘‘ بھارتی تحریک آزادی کے لیے نئی سمت کا باعث بنا اور آنے والی نسلوں کو بھی متاثر کرتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت آج تلک کے تصورِ ثقافتی قوم پرستی کے راستے پر گامزن ہے اور اس سفر کو کوئی واپس نہیں موڑ سکتا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اجیت دوول نے کہا کہ وہ لوک مانیہ تلک کے نام سے منسوب اس قومی اعزاز پر خود کو خوش نصیب سمجھتے ہیں اور اسے انتہائی عاجزی کے ساتھ قبول کرتے ہیں۔