صدر مرمو، وزیر اعظم ، وزیر دفاع، کانگریس لیڈران، کھڑکے ، سونیا گاندھی اور ایل جی منوج سنہا کا اظہار دکھ
سرینگر//لداخ کے دولت بیگ اولڈی علاقے میں ٹینک سے دریا عبور کرنے کی مشق کے دوران آبی سطح میں اچانک اضافہ ہو گیا، اس حادثہ میں جے سی او سمیت پانچ فوجی اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس حادثے پر صدر مرمو، وزیر اعظم مودی ، وزیر دفاع ، کانگریس لیڈر سونیا گاندھی صدر اجن کھڑکے اور دیگر لیڈران نے افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ادھر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بھی فوجی اہلکاروں کی حادثے میں موت پر دکھ اور افسوس ظاہر کیا ہے ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق لداخ کے دولت بیگ اولڈی علاقے میں ایک اور المناک حادثہ پیش آیا ہے۔ دفاعی افسر کے مطابق علی الصبح تقریباً 3 بجے ٹینک کے ذریعے دریا عبور کرنے کی مشق کے دوران آبی سطح میں اچانک اضافہ ہو گیا اور فوجی اہلکار اس کی زد میں آ گئے۔ اس حادثے میں جے سی او (جونیئر کمیشنڈ آفیسر) سمیت فوج کے 5 فوجی اہلکار ہلاک ہو گئے، جبکہ ایک فوجی کو بچا لیا گیا۔ذرائع کے مطابق دراصل دولت بیگ اولڈی میں رات سے مشق جاری تھی اور فوج کے بہت سے ٹینک موقع پر موجود تھے۔ اس دوران لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) کے قریب ٹی-72 ٹینک سے رات کے وقت دریا کو کس طرح عبور کیا جائے، اس کی مشق جاری تھی۔ایک رپورٹ کے مطابق، مشق کے ایک حصے کے طور پر جب ایک ٹینک نے دریا کو عبور کرنے کی کوشش کی تو اچانک دریا کا بہاؤ بڑھ گیا اور ٹینک بہہ گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس دوران ٹینک میں کل 4-5 فوجی تھے۔اس دورانریسکیو آپریشن شروع کیا گیا اور ٹینک سے تمام فوجی اہلکاروں کو نکالا گیا تاہم ان میں سے پانچ جانبر نہ ہوسکے ۔فوجی افسر کے مطابق، ’’دولت بیگ اولڈی کے علاقے میں دریا عبور کرنے کی مشق کے دوران پیش آنے والے ایک حادثے میں ایک جے سی او اور 4 فوجیوں سمیت ہندوستانی فوج کے پانچ فوجی اہلکارازجان ہو گئے۔ پانچوں لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ ٹینک کی بازیابی کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔‘‘فوج اس بات کی بھی تحقیقات کر رہی ہے کہ پانی کی سطح اچانک کیسے بڑھ گئی۔ جس جگہ یہ حادثہ ہوا ہے اس پر ہندوستان اور چین کے درمیان کافی عرصے سے کشیدگی چلی آ رہی ہے۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔راج ناتھ سنگھ نے لکھا، ’’میں لداخ میں دریا عبور کرتے ہوئے ایک بدقسمت حادثے میں ہندوستانی فوج کے پانچ بہادر جوانوں کی جانوں کے ضیاع پر بہت افسردہ ہوں۔ ہم اپنے بہادر جوانوں کی ملک کے لیے مثالی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ سوگوار خاندانوں سے میری دلی تعزیت۔ دکھ کی اس گھڑی میں پورا ملک ان کے ساتھ کھڑا ہے۔‘‘دریں اثنا، کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے بھی جوانوں کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایکس پر لکھا، ’’لداخ میں ایک دریا عبور کرتے ہوئے ایک جے سی او سمیت 5 ہندوستانی فوج کے جوانوں کی جانوں کے ضیاع پر ہمیں بہت دکھ ہوا ہے۔ اس المناک حادثے کا شکار ہوئے فوجی اہلکاروں کے اہل خانہ سے ہم تعزیت کرتے ہیں۔ افسوس کی اس گھڑی میں پوری قوم ہمارے بہادر فوجیوں کو ان کی مثالی خدمات پر سلام پیش کرتی ہے۔‘‘ادھر جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بھی فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کو بدقسمتی سے تعبیر کرتے ہوئے اس حادثے پر افسوس کااظہار کیا ہے ۔










