عوامی فلاح و بہبود حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔ جاوید رانا

جموں//وزیر برائے جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی اَمور محکمہ جات جاوید احمد ڈار نے عوام دوست اور جوابدہ طرزِ حکمرانی کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے آج صوبہ جموں سے تعلق رکھنے والے متعدد وفود سے ملاقات کی اور پینے کے پانی کی فراہمی، جنگلاتی حقوق، قبائلی فلاح و بہبود، روزگار اور عوام کی روزمرہ زِندگی سے جڑے دیگر مسائل سمیت مختلف عوامی شکایات کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے وفود سے بات چیت کے دوران کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت معاشرے کے ہر طبقے کی اُمنگوں اور توقعات کو پورا کرنے کے لئے پُرعزم ہے اور اِس طرح کے عوامی رابطہ پروگرام اِنتظامیہ اور عوام کے درمیان ایک اہم پُل کا کام کرتے ہیں۔وفود نے دیہی اور نیم شہری علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی غیر تسلی بخش اور غیر مستقل فراہمی پر تشویش کا اِظہار کیا۔اُنہوں نے بعض مقامات پر ناکارہ او رخراب پڑے ہینڈ پمپوں کا مسئلہ بھی اُٹھا یا اوراِس سلسلے میں وزیر سے مداخلت کی اپیل کی۔ وزیر نے متعلقہ جل شکتی حکام کو فیلڈ اسسمنٹ کرنے اورصاف پینے کے پانی کی بلا تعطل فراہمی کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنانے کی ہدایت دی۔وفود نے زراعت اور مویشی پالن کے لئے پانی کی قلت کا مسئلہ بھی اُجاگر کیا اور زیر اِلتوا ٔآبپاشی اور لفٹ واٹر سکیموں کو جلد مکمل کرنے کا مطالبہ کیا۔ وزیرجاوید رانا نے یقین دِلایا کہ ان منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد کیا جائے گا اور متعلقہ صوبائی اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ بلا تاخیر صورتحال سے متعلق رپورٹیں پیش کریں۔متعدد وفود نے جنگلات سے متعلق معاملات پر فارسٹ رائٹس ایکٹ کے تحت دعوؤں کی جلد از جلد کارروائی کا مطالبہ کیا۔ وزیر موصوف نے محکمہ جنگلات کو ہدایت دی کہ ہر معاملے کا میرٹ کی بنیاد پر جائزہ لیا جائے اور حقیقی دعویداروں کو قانون کے مطابق ان کے حقوق فراہم کئے جائیں۔قبائلی وفود نے وزیر کی توجہ قبائلی ذیلی منصوبوں کے تحت ترقیاتی کاموں کی سست رفتاری اور قبائلی آبادی والے پسماندہ علاقوں میں نئے ایکلاویہ ماڈل رہائشی سکول قائم کرنے کے مطالبات کی جانب مبذول کی۔ نوجوانوں کے وفود نے حکومت سے روزگار اور ذریعہ معاش کے مواقع بڑھانے کے لئے مؤثر اقدامات کرنے کی اپیل کی۔وزیر کے سامنے دیگر مسائل میں دُور دراز بستیوں کو ملانے والی لنک سڑکوں کی تعمیر و مرمت، ریونیو اور اراضی ریکارڈ سے متعلق تنازعات کے حل اور صحت و تعلیم کی سہولیات کی اَپ گریڈیشن کے مطالبات بھی شامل تھے۔ جاوید رانا نے وفود کو یقین دِلایا کہ موصول ہونے والی تمام درخواستوں کا جائزہ لیا جائے گا اور وقت مقررہ کے اندر حل کے لئے متعلقہ محکموں کو بھیج دیا جائے گا۔