عوامی شکایات کا اَزالہ حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔ جاوید ڈار

سری نگر//وزیر برائے زرعی پیداوار ، دیہی ترقی و پنچایتی راج ، اِمدادِ باہمی اور الیکشن محکمہ جات جاوید احمد ڈار نے عوام دوست اور جوابدہ طرزِ حکمرانی کے تئیں حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے سول سیکرٹریٹ میں صوبہ کشمیر کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے متعدد عوامی وفود سے ملاقات کی اور ان کے ترقیاتی مسائل سُنے۔وفود نے وزیرموصوف کو سڑکوں اور گلیوں کی مرمت و اَپ گریڈیشن، تبادلوں سے متعلق معاملات، آبپاشی کے لئے مناسب پانی کی فراہمی اور اَپنے اَپنے علاقوں کی دیگر ترقیاتی ضروریات سے آگاہ کیا۔دورانِ ملاقات وزیر نے وفود کی طرف سے پیش کردہ تمام مسائل کو بغورسُنا اور انہیں یقین دلایا کہ تمام حقیقی مسائل کو متعلقہ محکموں کے ساتھ قریبی تال میل کے ذریعے بروقت اور مؤثر انداز میں حل کیا جائے گا۔جاویداحمد ڈار نے کہا کہ عوامی شکایات کا ازالہ حکومت کی اوّلین ترجیح ہے اور اِس بات پر زور دیا کہ شفاف، جوابدہ اور مؤثر طرز حکمرانی کو یقینی بنانے کے لئے مسلسل عوامی رسائی اور روبرو بات چیت ضروری ہے۔اُنہوں نے کہا کہ عمر عبداللہ کی حکومت بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، خدمات کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے اور جموں و کشمیر میں مساوی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے لگن کے ساتھ کام کر رہی ہے۔وزیرموصوف نے متعلقہ اَفسران کو مزید ہدایت دی کہ اُٹھائے گئے مسائل کا فوری نوٹس لے کر اُن کے جلد از جلد حل کے لئے ضروری اَقدامات شروع کئے جائیں۔