وقف چیر پرسن کی صدارت میں اعلیٰ سطحی میٹنگ، ذائرین کیلئے ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولیات بہم رکھنے کی ہدایت
سرینگر//عرس مبارک پیر شیخ عبدالقادر جیلانی ؒ کے سلسلے میںوقف چیرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی کی صدارت میں انتظامیہ کے افسران کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں انہوںنے عرس کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا ۔ اس موقعے پر وقف چیرپرسن نے کسی کا نام لئے بغیر کہا کہ پہلے یہ ادارہ یعنی وقف بورڈ سیاسی لیڈران کے اشاروں پر چلتا تھا اور انہیں کے ساتھ مل کرکام کرتا تھا لیکن اب یہ ادارہ خالص وقف اور دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر چلتا ہے ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے پیر دستگیرؒ کے سالانہ عرس کے انتظامات کے سلسلے میں سرینگر انتظامیہ کے ساتھ آج جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔ یہ میٹنگ وقف کے مرکزی دفتر سرینگر میں منعقد ہوئی جس میں سرینگر انتظامیہ، سر نگر میونسپل کارپوریشن، کے پی ڈی سی ایل، جل شکتی، سرینگر پولیس، ٹریفک پولیس، ریجنل ٹرانسپورٹ آفس، فائر اینڈ ایمرجنسی سروس، ہیلتھ سروسز، آر اینڈ بی کے افسران کے علاوہ وقف بورڈ کے دیگر ذمہ داروں نے شرکت کی ۔ اس موقعے پر ڈاکٹر اندرابی نے خانیار آستان عالیہ شیخ عبدالقادر جیلانی ،صورہ ، اور امیرا کدل آستان دستگیر صاحب کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے وقف بورڈ کے نوڈل رول کے ساتھ تمام محکموں کی مربوط کوشش پر زور دیا۔ میٹنگ میں بہت نتیجہ خیز بحث ہوئی اور تمام محکموں کے کام کو بہتر طریقے سے چلانے کے لیے ایک روڈ میپ کو حتمی شکل دی گئی۔ اس دوران ڈاکٹر اندرابی نے کہاکہ پہلے وقف سیاسی جماعتوں اور سیاسی خاندانوں کے ساتھ مل کر کام کرتا تھا اور اب ہم تمام متعلقہ محکموں کے ساتھ تال میل میں کام کر رہے ہیں تاکہ لوگوں کو مطلوبہ سہولیات مل سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دیکھ کر بہت اچھا لگا کہ لوگ اب ہمارے تمام اقدامات میں وقف بورڈ کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر اندرابی نے لوگوں کو عرس دستگیر صاحب کی مبارکباد دی۔ انہوںنے مزید بتایا کہ وقف کی جائیداد کسی کو ہڑپنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ناہی وقف کے مال پر کسی کی نظر ہوگی ۔ انہوںنے بتایا کہ یہ ایک ملی ادارہ ہے جس کی حفاظت ہم سبھی کی ذمہ داری ہے ۔ انہوںنے عرس کے سلسلے میں تمام اقدامات کا از خود جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ ذائرین کیلئے دیر تک ٹرانسپورٹ کی سہولیات بہم رکھیں اور عرس کے دنوں بجلی کی معقول فراہمی کو یقینی بنانے کی بھی انہوںنے ہدایت دی ۔










