ضلع ہسپتال میں کام کرنے اور مریضوں کی صحت سہولیات کا جائزہ لیا
گاندربل//ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل شیامبیر نے کے وِی سی روم میں ضلع ہسپتال میں کام کاج اور مریضوں کی نگہداشت کی سہولیات کا جائزہ لینے کے لئے ’’ روگی کلیان سمیتی‘‘ ( آر کے ایس ) ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر جو ’’ روگی کلیان سمیتی ‘‘ کے چیئرمین بھی ہیں ، کو مختلف اشارے کے تحت ضلع ہسپتال کی طرف سے رجسٹرڈ ہونے والی پیش رفت، کارکردگی اور آر کے ایس کے تحت مالیاتی تقسیم کے بارے میں جانکاری دی گئی۔میٹنگ میں مختلف خدمات بشمول زچگی اور بچوں کی صحت خدمات ، ریفرل سروسز ، ڈائیلاسز ، بلڈ سینٹر ، آیوشمان بھارت ، اے بی ایچ اے کارڈ کی صورتحال ، این پی سی ڈی سی ایس کے تحت خدمات ، پی ایم ایس ایم اے ، مینٹل ہیلتھ، ایمبولینس سروس پر ایک مختصر اِستفساری بات چیت ہوئی اور ہسپتال سول ورکس کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔میڈیکل سپر اِنٹنڈنٹ ضلع ہسپتال نے ہسپتال میں بنیادی ڈھانچے کی اَپ گریڈیشن او رہیلتھ کیئر کے نظام کی مجموعی ترقی کے لئے آر کے ایس 2022-23ء کے تحت تجویز کردہ سہولیات ، کام کاج او رسرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی پاور پوائنٹ پرزنٹیشن پیش کی۔ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ مختلف ضروریات پر کام کریں جو ہسپتال میں بنیادی ڈھانچے کو اَپ گرید کرنے کے لئے ناگزیر ہیں اور میڈیکل سپر اِنٹنڈنٹ کو ہدایت دی کہ وہ ضروریات کی تفصیلی فہرست پیش کریں تاکہ ہسپتال کی سہولیت کو اَپ گریڈ کرنے کے لئے اقدامات کئے جاسکیں۔اُنہوں نے تمام متعلقہ اَفراد کو ہدایت دی کہ وہ آر کے ایس کے رہنما خطوط میں بیان کردہ مقاصد پر عمل کریں او رمحکمہ صحت کے اَفسران سے کہا گیا کہ وہ لوگوں کو صھت اور مریضوں کی دیکھ ریکھ کی مؤثر اور فوری سہولیات کو یقینی بنانے کے لئے مزید جوش اور لگن کے ساتھ کام کریں۔میٹنگ میں سی ایم او گاندربل ، ایم ایس ڈی ایچ ، جل شکتی اور آر اینڈ بی کے ایگزیکٹیو اِنجینئروں ، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور دیگر اَراکین نے شرکت کی۔










