بڈگام//ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام ایس ایف حامد نے سرمائی سیاحت سے متعلق اِنتظامات کا جائزہ لینے کے لئے آج دودھ پتھری کا دورہ کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے سرمائی سیاحت کے احسن اِنعقاد پر زور دیتے ہوئے دودھ پتھر ی میں ٹی آر سی میں اَفسران اور سیاحت سے متعلق شراکت داروں بشمول اے ٹی وی آپریٹروں اور پونی والا کی ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں اے ڈی سی بڈگام ڈاکٹر ناصر احمد، سی اِی او دودھ پتھری ڈاکٹر ثریا نرگس ، آراینڈ بی ، پی ایچ اِی ، پی ڈی ڈی کے ایگزیکٹیو اِنجینئروں اور دیگر متعلقہ اَفسران اور ملازمین کے علاوہ اے ٹی وی اور پونی والاایسو سی ایشن ممبران نے شرکت کی۔ ابتداً، ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا،’’ ہم اِس موسم سرما میں دودھ پتھری میں سیاحوں کی تعداد میں اِضافے کی توقع کر رہے ہیں اور ضرورت اِس بات کی ہے کہ سیاحوں کے لئے احسن اور بغیر پریشانی خدمات کے لئے تمام اِنتظامات اور سہولیات کو پہلے سے ترتیب دیا جائے۔‘‘ضلع ترقیاتی کمشنر نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ برف صاف کرنے کے تمام اِنتظامات کو یقینی بنائیں تاکہ دودھ پتھری میں بروقت برف صاف کرنے کے کاموں کو یقینی بنایا جاسکے ۔اُنہوں نے متعلقہ اَفراد کو سردیوں کے موسم میں سڑکوں پر گزرنے کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی تاکہ سیاحوں آواجائی کے لئے بہتر رابطے کو یقینی بنایا جاسکے۔اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ موسم سرما کے دوران بجلی اور پانی کی فراہمی سمیت تمام ضروری خدمات برقرار اور تیز رفتاری سے بحال رہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے دیگر سہولیا ت کا بھی جائزہ لیا جن میں ہٹوں اور ہوٹلوں میں رہائش ، طبی سہولیت ، اے ٹی وی اور پونی والا کی خدمات ، سرمائی موسم میں گاڑیوں کی زنجیر کی دستیابی اور دیگر خدمات شامل ہیں۔اُنہوں نے بین محکمہ جاتی رابطہ کاری پر زور دیتے ہوئے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ فیلڈ سٹاف کو ان کے کردار اور ذمہ داریوں سے آگاہ کریں تاکہ سیاحوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔اُنہوں نے کہا کہ ضلعی اِنتظامیہ اور محکمہ سیاحت دودھ پتھری کو ہر موسم میں بہترین سیاحتی مقام کے طور پر ترقی دینے پر خصوصہ توجہ دے رہا ہے۔










