ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ نے ’’ ویری ناگ وِنٹر ٹوراِزم فیسٹول ‘‘ کا اِفتتا ح کیا

ویری ناگ کو ضروری سہولیات سے آراستہ کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔ ڈاکٹر بشارت قیوم

اننت ناگ//ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر بشارت قیوم نے ضلع کے خوبصورت سیاحتی مقامات میں سے ایک ویری ناگ میں سیاحوں کی آمد کے لئے آج ویری ناگ ڈیولپمنٹ اَتھارٹی کے زیر اہتمام ویری ناگ سرمائی سیاحتی میلے کا اِفتتاح کیا۔اِس موقعہ پرضلع ترقیاتی کمشنر نے اِپنے خیالا ت کا اِظہا رکرتے ہوئے کہا کہ اننت ناگ کو کئی سیاحتی مقامات سے نوازا گیا ہے اور ویری ناگ ایک خاص مقام رکھتا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ موسم بہار کے ساتھ ساتھ ویری ناگ باگ ایک طویل عرصے سے سیاحوں کا پسندیدہ رہا ہے اور ویری ناگ کو سال بھر سیاحوں کی آمدو رفت کے لئے ضروری سہولیات سے آراستہ کرنے کی کرممکن کوشش کی جار ہی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ مہمان نوازی شعبے سے تعلق رکھنے والے مختلف شراکت داروںجنہوںنے اِس میلے کے اِنعقاد میں اہم کردار اَدا کیا ہے اور ہمیشہ سیاحوں کا کھلے دِل سے اِستقبال کیا ہے ۔ اِنتظامیہ نے انہیں اس کوشش میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کی ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ نے کہا،’’ کشمیر اپنی مہمان نوازی کے لئے جانا جاتا ہے اور سیاحوں کو راغب کرنے کے لئے شراکت داروں کو آرام اور مہمان نوازی پر توجہ دینی چاہیے۔‘‘اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے مختلف محکموں بشمول زراعت، ماہی پروری، باغبانی ، این جی اوز اور مقامی صنعتی شراکت داروں کے سٹالوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے محکمہ صحت کی جانب سے لگائے گئے سٹال کا بھی معائینہ کیا اور ویری ناگ اور ملحقہ علاقوں میں گولڈن کارڈ کے اندراج کے بارے میں دریافت کیا۔مختلف فنکاروں اور طالب علموں کی طرف سے کئی رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کئے گئے جن میں ویری ناگ اور وادی کے ورثے کو اُجاگر کیا گیا۔ حاضرین نے پرفارمنس کو سراہا۔اس تقریب میں صدر ایم سی ڈورو ویری ناگ محمد اقبال، ایس ڈی ایم ڈورو، سی ای او وی ڈی اے، جے ڈی پلاننگ اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔