بانڈی پورہ//ضلع اِنتظامیہ بانڈی پورہ نے ضلع کے کونے کونے سے امرت کیلاش حاصل کرنے کے لئے آج منی سیکرٹریٹ بانڈی پورہ میں ایک میگا ایونٹ کا اِنعقاد کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے تقریب کی صدارت ڈی ڈی سیز ، بی ڈی سیز اور پی آر آئیز کی موجودگی میں کی۔اِس پروگرام میںنوڈل آفیسر کوآرڈی نیشن ،اے سی ڈی بانڈی پورہ محمد اشرف حکاک ، ڈی ڈی سیز ، بی ڈیسیز ، صدر ایم سی بانڈی پورہ بشارت نجار ، صدر ایم سی حاجن اَرشاداحمد وانی ،ڈسٹرکٹ اِنفارمیشن آفیسر بانڈی پورہ بلال احمد میر کے علاوہ دیگر متعلقین نے شرکت کی۔میگا تقریب کے ضلع کے تمام بلاکوں اور میونسپلٹی کے علاوہ ضلع بھر کے گھرانوں سے مٹی پر مشتمل مٹی کیلاش کو ضلع ہیڈ کوارٹر بانڈی پورہ میںحب الوطنی کے جوش و جذبے کے ساتھ جمع کیا گیا۔اِس موقعہ پر بتایا گیا کہ امرت کیلاش کو ڈویڑنل ہیڈکوارٹر اور پھر امرت واٹیکا کے لئے نئی دہلی کرتاویہ پاتھ بھیجا جائے گا۔ مزید بتایا گیا کہ امرت کیلاش یاترا میں ضلع بھر کے ہر گھر سے مٹی اکٹھا کرنا شامل ہے جو کہ قوم کے لئے اتحاد اور لگن کی علامت ہے۔اس موقعہ پر ڈاکٹر اویس احمد نے کہا کہ آزادی کا امرت مہااُتسو کے بینر تلے ملک گیر ’’میری مٹی، میرا دیش‘‘ مہم کا مقصد وطن عزیز اور ان بہادروں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے جنہوں نے قوم کے لئے عظیم قربانیاں دیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے بانڈی پورہ کے لوگوں کی ملک گیر مہم میں بھر پور شرکت کے لئے تعریف کی جو کہ قوم کے تئیں اتحاد اور حب الوطنی کی علامت ہے۔










