صوبائی کمشنر کشمیر نے بخشی سٹیڈیم میں یوم آزادی کی تقریبات کی تیاریوں کا معائینہ کیا

صوبائی کمشنر کشمیر نے بخشی سٹیڈیم میں یوم آزادی کی تقریبات کی تیاریوں کا معائینہ کیا

سری نگر// صوبائی کمشنر کشمیرانشل گرگ نے بخشی سٹیڈیم سری نگر کا دورہ کیا اور یہاںیوم آزادی کی تقریبات کے حوالے سے جاری تیاریوں کا جائزہ لیا۔ معائینے کے دوران صوبائی کمشنر نے مختلف اِنتظامات کا جائزہ لیا جن میں نشستوں کے اِنتظامات، پبلک ایڈریس سسٹم کی فعالیت، سٹینڈز کی اوور ہیڈ کورنگ اور قومی ترانے کے بعد قومی نغموںکے دوران پروٹوکول کی پابندی شامل تھی۔اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ سکولوں، کالجوں اور سپورٹس کونسل کے دستوں کی مکمل تیاری کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ تقریب کی کارروائی میں ان کی پُرجوش شرکت کو یقینی بنائیں۔صوبائی کمشنر نے بارش کے امکان کے پیش نظرسری نگر میونسپل کارپوریشن (ایس ایم سی) کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ پانی نکالنے کا مؤثر نظام موجود ہو اور فائر اینڈ ایمرجنسی کا ڈِی واٹرنگ پمپ اس مقام پر کام کرتا رہے۔اُنہوں نے مزید متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ پوڈیم کی مناسب پھولوں کی سجاوٹ اور سٹیڈیم میں نصب تمام سات ایل اِی ڈِی سکرینوں کی آپریشنل تیاری کو یقینی بنایا جائے۔صوبائی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں پر زور دیا کہ وہ قریبی تال میل برقرار رکھیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ یوم آزادی کی تقریبات خوش اسلوبی اور احسن اِنعقاد کے لئے تمام اِنتظامات وقت سے پہلے مکمل کئے جائیں۔صوبائی کمشنر کے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر، کمشنر ایس ایم سی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سری نگر، جوائنٹ ڈائریکٹر اِنفارمیشن اور مختلف محکموں کے سینئر اَفسران، آر اینڈ بی، پی ایچ ای،سکولی تعلیم،اعلیٰ تعلیم ، فائر اینڈ ایمرجنسی، مہمان نوازی و خاطر تواضع، کے پی ڈِی سی ایل، یو اِی اِی ڈی، وائی ایس ایس اور دیگر متعلقہ محکمے شامل تھے۔ اِس موقعہ پر آئی جی پی کشمیر اور پولیس اور سیکورٹی ایجنسیوں کے دیگر سینئر اَفسران بھی موجود تھے۔