شیلندر کمار نے راجوری میں عوامی دربار منعقد کیا

شیلندر کمار نے راجوری میں عوامی دربار منعقد کیا

راجوری//پرنسپل سیکرٹری پبلک ورکس ( آر اینڈ بی ) محکمہ شیلندر کمار نے عوامی مسائل کو حل کرنے کی ایک قابل ستائش کوشش میں راجوری میں ایک عوامی دربار کا اِنعقاد کیا۔اس سیشن کے دوران بہت سے اہم مسائل کو سامنے لایا گیا۔ ان مطالبات میں میں سڑکوں کی تعمیر، صحت کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانا، عملے کی کمی کو دور کرنا، پانی کی قلت کو حل کرنا، ڈونگی، بدھال او ردرہال میں سرکاری ڈگری کالجوں پر کام شروع کرنا، راجوری کے لئے خواتین کے کالج کی منظوری، سڑکوں کی ابتر حالت کو دور کرنا، سڑکوں کو بلیک ٹاپ کرنا، ہری چوما اور تریو اپر بی میں نئی سڑکوں کی تعمیر اور بہت سے مطالبات شامل تھے۔مزید برآں، حاضرین نے اضافی بنکروں کی ضرورت، بنکروں کی ادائیگیوں، ترقیاتی منصوبوں کے لئے جنگلات کی کلیئرنس، درہال میں منصف کورٹ کے قیام، تھانہ منڈی میں سب ڈسٹرکٹ ہسپتال اور ٹراما سینٹر کے قیام کے بارے میں مسائل پرنسپل سیکرٹری کو گوش گزار کئے۔اِس کے علاوہ ایچ ایس چودھری نار کو ایچ ایس ایس سطح تک اَپ گریڈ کرنے، ہینڈ پمپوں کی مرمت کرنے، راجوری کے لئے منی سیکرٹریٹ کی عمارت تعمیر کرنے، بادلا منگ برج پروجیکٹ کو مکمل کرنے،سکولوں میں ڈاکٹروں اور اساتذہ کی کمی کوپورا کرنے، منریگا کے تحت زیر اِلتواء ادائیگیوں میں تیزی لانے، کالاکوٹ سے سیوٹ روڈ کو ڈبل لین کرنے ، چوک تعمیر کرنے ، زرعی کالج کی منظوری دینے اور اے این ایس کنال منصوبے پر کام مکمل کرنے مطالبات پیش کئے گئے۔پرنسپل سیکرٹری نے مقامی کمیونٹی کی طرف سے پیش کئے گئے اہم مسائل کو حل کرنے کے لئے دلی عزم کا اظہار کیا۔ اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کی اوّلین ترجیح اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ عوام الناس کو بنیادی سہولیات اور خدمات کی مؤثر اور بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے۔ اُنہوں نے حاضرین کو یقین دلایا کہ ان کے تحفظات پر توجہ نہیں دی جائے گی۔شیلندر کمار نے حکومت اور عوام کے درمیان تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ اُنہوں نے تسلیم کیا کہ ترقیاتی عمل صرف اسی صورت میں کامیاب ہوسکتا ہے جب حکومت اور عوام دونوں مل کر کام کریں۔ اُنہوں نے کمیونٹی کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ہر ایک کے لئے بہتر معیارِ زندگی کی طرف سفر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت کا کردار ترقی کو آسان بنانا ہے لیکن حقیقی ترقی کے لئے ان لوگوں کی فعال شمولیت اور سپوٹ کی ضرورت ہوتی ہے جن کی وہ خدمت کرتی ہے۔پرنسپل سیکرٹری نے راجوری کے شہریوں کی زندگی کو بہتر بنانے کے لئے اَپنے عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے کہاکہ حکومت اُٹھائے گئے مسائل کو حل کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کرے گی اور کمیونٹی کے مطالبات کو پورا کرنے کے لئے کام کرے گی۔اِس تقریب میں چیئرمین ڈی ڈی سی ایڈوکیٹ نسین لیاقت ، وائس چیئرمین ڈی ڈی سی شبیر خان، ڈی ڈی سی راجوری وِکاس کنڈل،چیف اِنجینئر پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی) پی سی تنوچ، اے ڈی ڈی سی پون کمار، ڈی ایف او راجوری اَرشدیپ سنگھ، ایس ایس پی امرت پال سنگھ، اے ڈی سی راجوری راجیو کمار کھجوریا،اے ڈی سی کوترنکا سریندر موہن شرما، اے ڈی سی نوشہرہکرتار سنگھ، اے ڈی سی سندربنی وِنود کمار بہنال،سی پی او محمد خورشید،پی او آئی سی ڈی ایس شوکت محمود ملک، اے سی آر عمران رشید کٹاریہ، اے سی ڈی وجے کمار، اے سی پی شیراز چوہان،سی ایم او ڈاکٹر راجندر شرما، ڈی ڈی سی کے اراکین،بی ڈی سیز، پی آر آئی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔