شوپیاں میں منشیات مخالف ریلی، ٹریفک کی عارضی بندش

جامع پیدل مارچ کے دوران ٹریفک متبادل پلان جاری

سرینگر/ یو این ایس// شوپیاںضلع میں ’’نشہ مکت بھارت ابھیان‘‘ کے تحت منعقد ہونے والی میگا پیڈ یاترا کے پیش نظر انتظامیہ نے ٹریفک نظام میں عارضی پابندیوں اور تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے تاکہ پروگرام کے دوران ٹریفک کی روانی کو منظم اور محفوظ بنایا جا سکے۔یو این ایس کے مطابق ٹریفک پولیس آفس رورل کشمیر کے مطابق 23 مئی کو صبح 4 بجے سے دوپہر 3 بجے تک بالپورہ کراسنگ سے لے کر اولڈ بس اسٹینڈ بذریعہ جہانگیر چوک شوپیاں تک مکمل طور پر ٹریفک کی آمدورفت معطل رہے گی۔ حکام نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس دوران شوپیان ٹاؤن میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں تاکہ کسی بھی قسم کی مشکلات سے بچا جا سکے۔ٹریفک کو متبادل راستوں کی طرف موڑنے کیلئے خصوصی ڈائیورشن پلان بھی جاری کیا گیا ہے۔ پونچھ اور راجوری سے ہرپورہ، پلوامہ اور سری نگر جانے والی گاڑیوں کو اولڈ بس اسٹینڈ، ٹاک محلہ، سنگلو، ہبڈی پورہ، پنجورہ ترنز اور پلوامہ کے راستے سے گزارا جائے گا۔ اسی طرح سری نگر اور پلوامہ سے شوپیاں، پونچھ اور راجوری جانے والی ٹریفک کو کیگام، میسپورا، اودورا، ترنز، پنجرہ، ہبڈی پورہ، سنگلو، ٹاک محلہ اور کانی پورہ کے راستے ہرپورہ کی طرف موڑا جائے گا۔مزید برآں شاداب کری واو، زاورہ، منلو اور نارپورہ سے پلوامہ جانے والی ٹریفک کو کرال چک، راجپورہ اور ٹکن کے راستے روانہ کیا جائے گا۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ ہرپورہ، امام صاحب، زینہ پورہ اور ترنز سے آنے والی ایمرجنسی گاڑیوں کو خصوصی اجازت ہوگی تاکہ مریضوں اور ہنگامی خدمات میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جاری ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کریں اور تعاون کریں تاکہ پروگرام کا انعقاد پرامن اور منظم انداز میں مکمل کیا جا سکے۔