منشیات فروشی میں ملوث کسی کو بھی بخشا نہیں جائے گا: ایس ایس پی شوپیاں
سری نگر//پولیس نے منگل کو ایک بڑی کارروائی میں جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع کے مہلورہ علاقے میں تقریباً 45 لاکھ روپے نقد اور 4.2 کلو گرام چرس برآمد کی ہے۔اس دوران ایس ایس پی شوپیان نے بتایا کہ منشیات فروشی میں ملوث کسی شخص کو نہیں بخشا جائے گا ۔کشمیر نیوز سروس ( کے این ایس ) کے مطابق ایس ایس پی شوپیاں تنوشری نے نمائندے کو بتایا کہ ایک مخصوص ان پٹ پر، پولیس نے مہلورہ میں مشتبہ مقامات پر چھاپہ مارا اور فاروق احمد کوکا کے گھر سے تقریباً 45 لاکھ روپے نقد اور 4.2کلو چرس برآمد کی۔اس نے کہا کہ کچھ نقدی اس کی گاو خانے سے اور کچھ اس کے گھر اور دکان سے برآمد ہوئی ہے۔ اس سلسلے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جب کہ تفتیش جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ منشیات فروشوں کے خلاف سختی سے نمٹنے کی ہدایت کرتے ہیں اور جو بھی منشیات فروشی میں ملوث ہے اسے بخشا نہیں جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ والدین اور اساتذہ کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ نوجوان منشیات کی لت کا شکار نہ ہوں۔اس سال شوپیاں میں PIT-NDPS کے تحت 13 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، جو اس وقت ہندوستان کی مختلف جیلوں میں بند ہیں جبکہ منشیات فروشوں کے خلاف درج مقدمات پچھلے سال کے مقابلے میں تقریباً دوگنے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شوپیاں پولیس مختلف محاذوں پر منشیات کے عادی افراد کی مشاورت کے ساتھ ساتھ انہیں ادویات فراہم کرنے کے لیے کام کر رہی ہے جبکہ اسکولوں، کالجوں کو اس میں شامل کیا جا رہا ہے تاکہ وہ نوجوان آبادی کو اس لعنت سے دور رکھ سکیں۔










