شوپیان//ڈسٹرکٹ ایمپلائمنٹ اینڈ کونسلنگ سینٹر شوپیان نے اَپنے کیمپس میں آئی ٹی آئی کے تربیت یافتہ فارغ التحصیل کے لئے ایک جاب میلے کا اِنعقاد کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان سچن کمار واشیا نے جاب میلے کا اِفتتاح کیا۔میلے میں کئی کمپنیوں نے حصہ لیا تاکہ آئی ٹی آئی کے تربت یافتہ فارغ التحصیل اور فائنل ایئر کے طلباء کی خدمات حاصل کی جائیں۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے جاب میلے کا اِنعقاد پر ڈسٹرکٹ ایمپلائمنٹ اینڈ کونسلنگ سینٹرکی کاوشوں کو سراہا ۔ اُنہوں نے تربیت یافتہ فارغ التحصیل کے لئے ایسے میلے باقاعدگی سے منعقد کرنے کا مشورہ دیا ۔ اُنہوں نے کہا کہ تعلیمی اِداروں اور صنعتی گھرانوں کے درمیان مزید مضبوط روابط قائم کئے جائیں تاکہ ہنر مند اُمید واروں کو ان کی حاصل کردہ صلاحیتوں کے مطابق ملازمتیں مل سکیں۔سچن کمار واشیانے طلبا پر زور دیا کہ وہ اَپنی پڑھائی پر پوری توجہ دیں اور منشیات سے پرہیز کریں ۔اُنہوں نے کہا کہ ہر ٹیکنیکل اِدارے میں ایک پلیس منٹ سیل ہونا چاہیے جو ہنر مند نوجوانوں کو نوکریاں دِلانے میں مدد فراہم کرے۔اِس موقعہ پراَپنے خیالات کا اِظہا رکرتے ہوئے جوائنٹ ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ کشمیر ڈویژن حکیم تنویر نے کہا کہ ہنر مند اور تربیت یافتہ نوجوانوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اُٹھانے کے لئے مزید جاب میلے منعقد کرنے کی ضرورت ہے۔اُنہوں نے اِداروں پر زور دیا کہ وہ اَپنے کورسز اور نصاب کو موجودہ مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق اَپ گریڈ کریں۔ اُنہوں نے طلباء سے یہ بھی کہا کہ وہ ہنر کو مؤثر طریقے سے حاصل کریں تاکہ انہیں کمپنیوں کی طرف سے باعز ت شرائط پر ملازمت دی جائے ۔ اُنہوں نے کہا کہ تربیت یافتہ پیشہ ور اَفراد میں مہارتیں سب سے زیادہ مطلوب خصویات ہیں۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ حفصہ قیوم نے محکمہ کے پورٹل پر بے روزگار نوجوانوں کی آن لائن رجسٹریشن اور نیشنل کیرئیر سروسز کے ساتھ ایمپلائمنٹ پورٹل کے اِنضمام پر زو ردیا تاکہ وہ مستقبل میں روزگار کے مواقع متعلق معلومات حاصل کرسکیں۔پلیس منٹ فیئر میں شرکت کرنے والی کمپنیوں میں اِنڈسٹریز بینک شوپیاں ، کشمیر ویلی مدرس ، شاداب ہسپتال ،فرائیڈ ے مدرس، ایکسس بینک شوپیاں، پیکس آٹو موبائلز ، ایل آئی سی ، کے وائی ہسپتال اور فرسٹ چوائس شامل ہیں۔جاب میلے میں زائد اَز 300 اُمید واروں نے شرکت کی۔ اِن کمپنیوں سے تقریباً 90 اُمید واروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا اور 110 اُمید واروں کو موقعہ پر ہی ایمپلائمنٹ پورٹل پر جسٹرکیا گیا ہے منتخب اُمیدواروں کو آجر جلد ہی خدمت میں شامل ہونے کے لئے بلائیں گے۔










