شری اَمرناتھ جی یاترا۔2024

ضلعی اِنتظامیہ رام بن نے یاتریوں کے پہلے قافلے کا والہانہ اِستقبال کیا

رام بن//ضلعی اِنتظامیہ رام بن نے آج اَمرناتھ جی یاترا کے یاتریوں کے پہلے قافلے کا والہانہ اِستقبال کیا۔اِس موقعہ پرضلع ترقیاتی کمشنر بصیر الحق چودھری، ڈی آئی جی ڈی کے آر رینج شری دھر پاٹل، ایس ایس پی انوج کمار، اے ڈی سی ورونجیت سنگھ چاڈک، اے سی آر ایس ہرپال سنگھ اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔اِستقبالیہ تقریب میں ڈی ڈی سی ممبررینوکا کٹوچ اور مذہبی و سماجی تنظیموں کے نمائندوں سمیت معزز شخصیات نے شرکت کی۔ ان کی شمولیت نے اس تقریب کی اہمیت، امرناتھ جی یاترا کی کامیابی اور حفاظت کو یقینی بنانے میں کمیونٹی کے باہمی تعاون کے جذبے کو اُجاگر کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے دیگر معززین کے ساتھ مل کر یاتریوں کا تہہ دل سے اِستقبال کیا اور رام بن ضلع میں جموں۔ سری نگر قومی شاہراہ کے ساتھ چندر کوٹ، لمبر۔ بانہال اور دیگر مخصوص مقامات پر قائم لنگروں اور یاتری نواس کی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لئے اُن سے بات چیت کی۔اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ضلعی اِنتظامیہ نے یاتریوں کے قیام اور سیکورٹی کیلئے جامع اِنتظامات کئے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ یاترا رُکنے کی صورت میں قیام و طعام کے اِنتظامات کئے گئے ہیں جبکہ ہیلپ لائن کاؤنٹروں کے ساتھ چوبیس گھنٹے ایمرجنسی طبی سہولیات کا اِنتظام کیا گیا ہے۔دراثنأ، ڈی آئی جی شریدھر پاٹل نے سیکورٹی اور یاتریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات جیسے صفائی ستھرائی ، پانی ، بجلی ، فائر سیفٹی اور صحت نگہداشت کے اِنتظامات کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ یاتریوں کی سہولیت اور حفاظت کے لئے تمام بنیادی اور ضروری سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔