جموں//سیکرٹری صحت اور طبی تعلیم بھوپندر کمار نے کپواڑہ کا دورہ کیا تا کہ ضلع میں صحت ہیلتھ شعبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے اور ڈی این بی طلباء کو مبارکباد دی جا سکے ۔ اپنی آمد پر سیکرٹری نے ڈی سی آفس کپواڑہ کے میٹنگ ہال میں ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں ڈپٹی کمشنر کپواڑہ ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ، ڈویژنل نوڈل آفیسر، ایس ایس پی کپواڑہ ، چیف میڈیکل آفیسر کپواڑہ ، پرنسپل ٹریننگ سکول دوبیوان ٹنگمرگ ، ڈسٹرکٹ ہسپتال ہندواڑہ /ایس ڈی ایچ کپواڑہ کے سپرنٹنڈنٹ ، بی ایم اوز کے علاوہ ڈی ڈی سی اراکین اور متعلقہ افراد موجود تھے ۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری نے ضلع کے صحت کے شعبے کی مجموعی کارکردگی میں بہتری بالخصوص کووڈ 19 بحران کو موثر طریقے سے سنبھالنے کیلئے ضلع انتظامیہ کپواڑہ اور صحت کے عہدیداروں کی تعریف کی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ضلع میں صحت کی دیکھ بھال کے منظر نامے کو فروغ دینے کیلئے ہسپتالوں کو فیکلٹی اور معیاری تعلیم کے علاوہ دیگر ضروری سہولیات کے حوالے سے مزید مضبوط کرنے کیلئے پرعزم ہیں ۔ جی ایم سی ہندواڑہ کا ذکر کرتے ہوئے سیکرٹری نے کہا کہ میڈیکل کالج ہندواڑہ پر کام شروع ہو چکا ہے اور فیکلٹی کی بھرتی کیلئے اشتہار بھی جاری کر دیا گیا ہے ۔ ڈی سی کپواڑہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیکرٹری صحت کی مداخلت کی وجہ سے ہی ہم جی ایم سی ہندواڑہ پر کام شروع کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں ۔ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر نے بھی خطاب کیا اور ضلع میں محکمہ صحت کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی ۔ بعد ازاں سیکرٹری نے ڈی سی کپواڑہ اور ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر کی موجودگی میں ڈپلومیٹ آف نیشنل بورڈ ( ڈی این بی ) پروگرام کے طلباء کو مبارکباد دی ۔










