جموں//سیکرٹری صحت و طبی تعلیم محکمہ بھوپندر کمار نے اَفسروں کی ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں جموںوکشمیر یوٹی کے صحت اِداروں میں فائر سیفٹی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔سیکرٹری نے متعلقہ اِداروں کے سربراہان سے ہسپتالوں میں موجودہ فائر فائٹنگ سسٹم اور دیگر متبادل طریقۂ کار کی اِدارہ وار صورتحال طلب کی ۔ وہ پہلے سے لگائے گئے فائر سیفٹی اقدامات سے مطمئن ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ موسم سرما میں آگ لگنے کے واقعات زیادہ ہوتے ہیں کیوں کہ گرمائش آلات کے زیادہ اِستعمال کے مسائل ہوتے ہیں جس کے لئے اُنہوں نے تمام اَفسران کو چوکس رہنے کی تلقین کی۔سیکرٹری موصوف نے تازہ موک ڈرلوں کے اِنعقاد، فائراینڈ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ سے تازہ فائر آڈِٹ کرنے اور گذشتہ فائر آڈِٹس میں نشاندہی کی گئی خامیوں کو دُور کرنے پر زور دیا۔ اُنہوں نے فائر فائٹنگ سسٹم کے زیر تکمیل منصوبوں کے حوالے سے اَفسران پر زور دیا کہ وہ عمل آوری ایجنسیوں سے پروجیکٹوں کی جلد تکمیل کروائیں۔ میٹنگ میں تمام سرکاری میڈیکل کالجوں کے پرنسپلوں ، گورنمنٹ ڈینٹل کالجز ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموںوکشمیر ، ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن ، نئے جی ایم سیز ، ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ایڈیشنل سیکرٹریوں ، سکمز اور دیگر ہسپتالوں کے سپر اِنٹنڈنٹوں ، چیف میڈیکل اَفسران اور دیگر متعلقین نے شرکت کی۔










