جموں//سیکرٹری صحت و طبی تعلیم بھوپندر کمار نے آج ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں اِنڈین پبلک ہیلتھ سٹینڈرڈز ( آئی پی ایچ ایس ) 2022 کے مطابق ڈسٹرکٹ ہسپتالوں کو مضبوط بنانے کے ایکشن پلان پر تبادلہ خیال کیا۔اِنڈین پبلک ہیلتھ سٹینڈرڈز معیارات کا ایک مجموعہ ہے جو صحت عامہ کی سہولیات کے معیاراور فعالیت کو جانچنے کے لئے یکساں معیار فراہم کرتا ہے اور اسے پہلی بار 2007 ء میں بنایاگیا اور پھر 2012 ء میں اِس پر نظر ثانی کی گئی اور 2022ء میں دوبارہ نظر ثانی کی گئی تھی ۔یہ معیارات تمام شہریوں کو وقار اور احترام کے ساتھ معیاری صحت کی خدمات فراہم کرنے کے لئے بنیادی ڈھانچے، اِنسانی وسائل، اَدویات، تشخیص، آلات، معیار اور گورننس کی ضروریات کے بارے میں رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔نیشنل ہیلتھ مشن جموںوکشمیر نے خدمات کی معیار کو بہتر بنانے کی کوشش میں ناروے اِنڈیا پارٹنر شپ اِنیشی ایٹو کے ساتھ مل کر آئی پی ایچ ایس 2022ء کے مطابق تمام ڈی ایچز اور سی ایچ سیز کا تیز تر بنیادی تشخیص کرنے کی پہل کی ہے۔آج کی میٹنگ میں ڈسٹرکٹ ہسپتالوں کی بنیادی تشخیص کے نتائج اور ان کی مضبوطی کے لئے ایکشن پلان پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔سیکرٹری صحت و طبی تعلیم نے معلومات طلب کیں اور میٹنگ میں موجود شراکت داروں کے ساتھ مختلف شعبوں میں شناخت شدہ خلا کو جلد سے جلد پُر کرنے کے لئے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا تاکہ اِن ہسپتالوں کو آئی پی ایچ ایس کے مطابق بنایا جاسکے۔ڈائریکٹر وں ہیلتھ سروسز جموں / کشمیر سے کہا گیا ہے کہ وہ اِنسانی وسائل ، آلات ، اَدویات اور تشخیص ، بنیادی ڈھانچہ اور دیگر شعبوں کے حوالے سے تشخیص کے نتائج کو چیک کریں اوردیگر شعبوں اور ضلعی ہسپتالوں میں اصل خلا کے مطابق اگلے مالی برس کے لئے تجاویز پیش کریں۔مزید برآں ، سیکرٹری صحت نے کوالٹی ایشورنس پروگرام کی عمل آوری پر زور دیا او رمتعلقہ اَفراد کو ہدایت دی کہ ہو سہ ماہی اِنٹرنل اسسمنٹ کریں ، خلا کی نشاندہی کریں اور خلا کو پُر کرنے کے لئے ٹائم بائونڈ سہولیت وار ایکشن پلان تیار کریں تاکہ باقی تمام ڈسٹرکٹ ہسپتالوں کو مختلف معیار کے حصول کے لئے تیار کیا جاسکے ۔ سرٹیفکیشن جیسے این کیو اے ایس، لکشیا، مسکان اور کایا کلپ وقت کے پابند طریقے سے تاکہ سروس کی فراہمی کے معیار کو بہتر بنایا جاسکے۔اِنسانی وسائل اور آلات کے لحاظ سے ضلع ہسپتالوں کو مزید مضبوط بنانے کے لئے ڈائریکٹروں اور چیف میڈیکل اَفسران اور میڈیکل سپر اِنٹنڈنٹوں سے کہا گیا ہے کہ وہ تمام اہل ضلع ہسپتالوں میں ڈی این بی کورسوں کے لئے درخواست دیں۔میٹنگ میں مشن ڈائریکٹر این ایچ ایم جے اینڈ کے ، ڈائریکٹر فائنانس صحت و طبی تعلیم محکمہ ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ایم ایس سی ایل ، ایڈیشنل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم محکمہ اور جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ صحت و طبی تعلیم محکمہ نے شرکت کی جبکہ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ، ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن ، نیو میڈیکل کالجز جے اینڈ کے ، متعلقہ چیف میڈیکل اَفسران اور میڈیکل سپر اِنٹنڈنٹوں ، ریاستی پروگرام منیجر این آئی پی آئی جے اینڈ کے اور پروگرام منیجر این ایچ ایم جے اینڈ کے نے بذریعہ ورچیول موڈ میٹنگ میں حصہ لیا۔










