سرینگر/ یو این ایس// سینٹرل یونیورسٹی کشمیر نے تعلیمی سیشن 2026-27 کے منظور شدہ اکیڈمک کیلنڈر کے مطابق طلبہ اور تدریسی عملے کیلئے 10 روزہ گرمائی تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔یونیورسٹی کی جانب سے جاری سرکولر کے مطابق یکم جولائی 2026 سے 10 جولائی 2026 تک سمر بریک رہے گی جبکہ طاق سمسٹر کی باقاعدہ کلاسیں 13 جولائی سے دوبارہ شروع ہوں گی۔یو این ایس کے مطابق اس سلسلے میں اسسٹنٹ رجسٹرار (اکیڈمک افیئرس) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تعطیلات کے دوران بھی اوڈ سمسٹروں کیلئے آن لائن رجسٹریشن کا عمل بغیر کسی رکاوٹ کے پہلے سے جاری شیڈول کے مطابق جاری رہے گا۔سرکولر کے مطابق ریسرچ اسکالرز اور پروجیکٹ اسٹاف اپنی تعلیمی اور تحقیقی سرگرمیاں متعلقہ شعبہ جات کے سربراہان، پرنسپل انویسٹی گیٹرز یا کنٹرولنگ افسران کی نگرانی میں آن لائن موڈ کے ذریعے جاری رکھ سکیں گے۔مزید کہا گیا ہے کہ اگر ضرورت پیش آئے تو مختلف شعبہ جات کے سربراہان اور کوآرڈینیٹرز آن لائن یا ریمیڈیل کلاسز، مینٹورنگ سیشنز، پروجیکٹ ریویوز اور ڈزٹیشن گائیڈنس جیسی سرگرمیوں کا انعقاد بھی کر سکتے ہیں تاکہ تعلیمی تقاضے بروقت مکمل کئے جا سکیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق الیکٹیو بکٹ کورسز سے متعلق امتحانات اور دیگر سرگرمیاں معمول کی کلاس ورک بحالی کے بعد دوپہر کے اوقات میں منعقد کی جائیں گی، جس کیلئے ایگزامینیشن اینڈ ایویلیوایشن ونگ علیحدہ شیڈول جاری کرے گا۔یو این ایس کے مطابق ونیورسٹی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ انتظامی ڈینز، ڈینز آف اسکولز، شعبہ جات کے سربراہان اور دیگر انتظامی ذمہ داریاں نبھانے والے فیکلٹی ممبران معمول کے مطابق اپنی ڈیوٹی انجام دیتے رہیں گے۔ تاہم اگر کوئی افسر یا فیکلٹی ممبر تعطیلات یا سمر بریک سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے تو اسے مجاز اتھارٹی سے پیشگی منظوری لینا ہوگی۔سرکولر میں مزید کہا گیا ہے کہ یونیورسٹی کے تمام انتظامی دفاتر، سیکشنز اور نان ٹیچنگ اسٹاف سمر بریک کے دوران بھی معمول کے مطابق کام جاری رکھیں گے، جب تک کہ مجاز اتھارٹی کی جانب سے کوئی متبادل حکم جاری نہ کیا جائے۔










